نجی اسکولوں کا تعطیلات کے سرکاری شیڈول پر عمل سے انکار

50 سے زائد اے اوراولیول تعلیمی اداروں نے اسٹیئرنگ کمیٹی کا متفقہ فیصلہ رد کردیا.


Staff Reporter June 03, 2013
یکم جون سے اسکول بند کردیے، سرکاری اسکولوں میں تعطیلات 14 جون سے ہونگی۔ فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ تعلیم کی انتظامی کمزوری اور بااثر کیمرج اسکولوں کی من مانیوں کے سبب کراچی سمیت صوبے بھرمیں موسم گرماکی تعطیلات کا شیڈول متنازع ہوگیا۔

50 سے زائد ''اے اور او لیول'' تعلیمی اداروں نے 11جنوری کومحکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کوماننے سے انکارکرتے ہوئے یکم جون سے اسکول بند کردیے ہیں جبکہ تمام سرکاری اسکول و کالج اور میٹرک سسٹم کے تحت چلنے والے نجی تعلیمی ادارے اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے پر قائم ہیں اور ان اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات14جون سے ہونگی،یاد رہے کہ 11جنوری کومنعقدہ صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں رمضان المبارک اور عیدالفطرکی تعطیلات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے سندھ بھرمیں موسم گرماکی چھٹیاں 14 جون سے 13اگست تک کیے جانے کافیصلہ کیا گیا تھا اس فیصلے میں قانون شکن نجی اسکولوں کی رائے بھی شامل تھی۔



تاہم اب محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے مذکورہ فیصلے پرعملدرآمد نہ ہونے سے کراچی سمیت سندھ بھرمیں تعلیمی ادارے ایک بار پھر دو حصوں میں تقسیم ہوگئے ہیں،ایک ہفتہ قبل صوبائی سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو نے تعطیلات کے حوالے سے محکمہ تعلیم کے فیصلے کوتسلیم نہ کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف سخت اقدامات کا کہا تھا، واضح رہے کہ قانون شکن نجی اسکولوں میں سے بیشتر محکمہ تعلیم سے رجسٹرڈ نہیں ہیں جبکہ جو اسکول رجسٹرڈ ہیں وہ بھی چھٹیوں کے معاملے پر من مانی کررہے ہیں،فیسوں میں ہر سال اضافہ کرنے والے یہ اسکول محکمہ تعلیم کے احکامات تسلیم کرنے کو تیار نہیں اورمحکمہ اس معاملے بے بسی کی تصویر بنا ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں