کراچی ٹارگٹ کلنگ میں پھر تیزی سیاسی کارکنوں سمیت 11 افراد قتل

شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ،سنی تحریک کے3کارکن مارے گئے،واقعے کے بعدکشیدگی،سرجانی میں جماعت اسلامی کاکارکن نشانہ بنا


Staff Reporter June 03, 2013
شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ،سنی تحریک کے3کارکن مارے گئے،واقعے کے بعدکشیدگی،سرجانی میں جماعت اسلامی کاکارکن نشانہ بنا۔ فوٹو: فائل

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں پھرسے تیزی آگئی ہے،فائرنگ اور پرتشددواقعات کے دوران سنی تحریک کے3اورجماعت اسلامی کے ایک کارکن سمیت مزید11افرادہلاک اور 12زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی نمبر5 ناصران امام بارگاہ کے قریب آٹوورکشاپ پرموٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے28 سالہ محمد جوادقادری عرف سنی اوراس کا دوست24 سالہ یاسر قادری جاں بحق جبکہ24سالہ محمد عرفان قادری،22سالہ عامر اور24 سالہ سید کرار حسین زخمی ہو گئے ہلاک وزخمی ہونے والوں کوجناح اسپتال پہنچایا گیاجہاں عرفان قادری دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔مقتول جواد قادری آٹو ورکشاپ کا مالک اور موٹر مکینک تھا،ہلاک و زخمی ہونے والے شاہ فیصل کالونی کے رہائشی ہیں ، سنی تحریک کے ترجمان فہیم شیخ نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے تینوں سنی تحریک شاہ فیصل کالونی سیکٹر یونٹ109 کے کارکن تھے۔

واقعے کے وقت 3موٹر سائیکلوں پر 6 نقاب پوش ملزمان آئے اور فائرنگ کرکے فرارہوگئے،واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دکانیں اورکاروبار بند کر دیا۔سرجانی ٹائون سیکٹر سیون ڈی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کارکن 60 سالہ حنیف انصاری ہلاک ہوگیا،مقتول علاقے کا رہائشی تھا اوروہ سیون ڈی سے گزررہاتھاکہ موٹرسائیکل سواروں نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ سر پر گولی لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا،پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔حسن پہنور گوٹھ میں مسلح افراد نے گھر کے باہر بیٹھے ہوئے 3 سگے بھائیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 28 سالہ رفیق حسن ہلاک جبکہ اس کے 2 بھائی 40 سالہ عبدالکریم اور 35 سالہ عبدالمجید زخمی ہوگئے۔



شاہ لطیف ٹائون پولیس کے مطابق مقتول رفیق نے 2009 میں کورٹ میرج کی تھی جس پر لڑکی کے گھر والوں کو اس کا رنج تھااوران کے درمیان گزشتہ کئی برس سے اختلافات چل رہے تھے،گزشتہ روز انھوں نے فائرنگ کردی جس سے رفیق ہلاک اوراس کے بھائی زخمی ہوگئے ۔سکھن کے علاقے9نمبر پربیٹے نادر علی نے اپنے باپ 50 سالہ حنیف کوتیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کردیا ، دونوں میں گھریلومعاملات پرجھگڑا ہوا تھا جس کے دوران نادر نے مشتعل ہوکر اپنے باپ کو قتل کردیا، پولیس نے نادر کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہے۔ماڑی پور کے علاقے شاہانی کالونی بدھنی گوٹھ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ محمد داؤدہلاک ہو گیا،مقتول علاقے کا چوکیدار اور اندرون سندھ کا رہائشی تھا۔

سپر ہائی وے پر کاٹھور موڑ کے قریب 2 نوجوانوں کی لاشیں ملیں جنھیں نامعلوم ملزمان نے اغواکے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کردیا،گڈاپ سٹی پولیس کے مطابق دونوں کی عمریں 25 سے 30 برس کے درمیان ہیں اور شلوار قمیص میں ملبوس ہیں ،دونوں کے سروں پر گولیاں ماری گئی مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی۔ملیرسٹی کے علاقے شعبان گوٹھ زری کھیت سے 17 سالہ محمد جان کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے سر پر گولی مار کر ہلاک کیا۔

میمن گوٹھ کے علاقے کے ڈی اے بنگلی ملیررشید میمن گوٹھ میں کنوئیں سے 10 روز پرانی لاش ملی جس کی عمر تقریباً 45 برس معلوم ہوتی ہے ،فوری طور پر وجہ موت معلوم نہیں ہوسکی اور لاش کی شناخت بھی نہیں ہوئی۔اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14بنگلہ بازارملک پٹی والی گلی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے15سالہ فرحانہ عرف فریحہ، 17سالہ علی اور 13 سالہ اسامہ ،کھارادرپولیس چوکی کے قریب فائرنگ سے28 سالہ اشرف،بلدیہ ٹائون کے علاقے سوات کالونی میں25 سالہ ظفر،لائنزایریابلتی محلہ میں 50 سالہ شہادت حسین ، سکھن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 52سالہ اسلم حیدر، ملیر کھوکھراپارمیں جھگڑے کے دوران 40 سالہ اللہ رکھازخمی ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں