بھارتی یوم آزادی کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا احتجاجی مظاہرے

منموہن کامریخ پر خلائی مشن بھیجنے کا اعلان ،حکومت 5 سال میں ہرگھر میں بجلی پہنچاناچاہتی ہے،بھارتی وزیراعظم


News Agencies August 16, 2012
بھارتی یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کے دوران سیکیورٹی اہلکار سڑک پر پہرہ دے رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

لاہور: بھارت میں بدھ کو 65 واں یوم آزادی منایا گیا جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا،وادی میں موبائل فون سروس معطل کر دی گئی تھی جبکہ مجاہدین کے ممکنہ حملوںکے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، بھارتی یوم آزادی کی مرکزی تقریب نئی دہلی میں ہوئی جس میں وزیراعظم من موہن سنگھ نے پرچم کشائی کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے روایت سے ہٹ کر ملک کے اقتصادی حالات پر بات کی، بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اگلے 5 سال میں ہر گھر میں بجلی پہنچاناچاہتی ہے، انھوں اس موقع پر مریخ پر خلائی مشن بھیجنے کا اعلان بھی کیا،دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی ہماری آزادی تب پوری ہوگی جب ہم اپنے ملک سے غربت کوختم کردیںگے،نکسل باغی بھارت کی سلامتی کیلیے خطرہ ہیں،سیکیورٹی بہتربنانے کیلیے مزید اقدامات کرناہوںگے، نئی دہلی میں جشن کا سماں جبکہ سری نگرسوگ میں ڈوبا ہوا تھا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی اورمختلف علاقوں میںمظاہرے کیے گئے،سرینگرسمیت وادی کے مختلف شہروں میں فوج اورپولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی، سیکیورٹی کے پیش نظر وادی میں موبائل فون سروس معطل کر دی گئی تھی،کرفیوکے باعث ہزاروںلوگ گھروں میں محصورہوکررہ گئے، وادی کے مختلف مقامات پراحتجاج کے دوران مظاہرین اورپولیس کے درمیان پرتشددجھڑپیں ہوئیں جس کے دوران پولیس کی طرف سے فائرنگ کے آزادانہ استعمال کے باعث گولیاں لگنے سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے درجنوں افراد کوگرفتار کر لیا۔

قابض اہلکار گھروں میں گھس گئے اورخواتین سے بد تمیزی کی جبکہ میرواعظ عمر فاروق سید علی گیلانی شبیر شاہ یاسین ملک سمیت درجنوں آزادی پسند رہنمائوں کوگھروں میں نظربندکر دیا گیا۔بھارتی جشن آزادی کے موقع پر ریاست منی پورکے دارالحکومت میں درمیانی اورکم شدت کے 4 بم دھماکے ہوئے تاہم کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ برطانیہ میں رہنے والے کشمیریوں نے بھی یوم سیاہ منایا، لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پر امن مظاہرہ کیا گیا اور مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم بند کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرکے انھیں حق خود ارادیت دے۔

مقبول خبریں