جہانگیر پارک کے اطراف سے تجاوزات ختم کی جائیںایڈمنسٹریٹر

پارک کے اطراف آہنی دیواربنائی جائے،عام شہری پارک میں آنے سے کتراتے ہیں، ہاشم رضا


Staff Reporter June 04, 2013
پارک کے اطراف آہنی دیواربنائی جائے،عام شہری پارک میں آنے سے کتراتے ہیں، ہاشم رضا. فوٹو : فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ہاشم رضا زیدی نے ہدایت کی ہے کہ صدر کے قلب میں واقع تاریخی جہانگیر پارک کے چاروں طرف موجود تجاوزات ختم کرکے اس پارک کو اصل حالت میں بحال کرنے کے لیے جامع پلان بنایا جائے۔

پارک کے چاروں طرف حفاظتی آہنی دیوار بنائی جائے تاکہ شہر کے گنجان آبادعلاقے میں واقع اس پارک کواہلیان شہر کیلیے معیاری اور خوبصورت تفریح گاہ بنایا جاسکے،یہ ہدایت انھوں نے تاریخی ایمپریس مارکیٹ کے مقابل جہانگیر پارک کا دورہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرسینئرڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن محمد اطہر اور پارکس ڈپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ یہ پارک 1893 میں خان بہادر بہرام جی جہانگیر جی نے کراچی کے شہریوں کو تحفے میں دیا تھا ، صدر کے مصروف کاروباری علاقے میں یہ پارک اپنے قیام کے بعد شہریوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا مرکز بنا رہا۔



جبکہ پا رک میں سوسال پرانے درخت اس کی اہمیت میں اضافہ کرتے ہیں تاہم طویل عرصے سے اس پارک کی دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے یہ رفتہ رفتہ اپنی دلکشی کھوبیٹھا ، عام شہری اس پارک میں آنے سے کتراتے ہیں، انھوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ پارک کی بیرونی آہنی دیوار ٹوٹنے کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز نے اس کے کچھ حصے کو گاڑیاں کھڑی کرنے کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا جبکہ اطراف کے علاقے سے یہاں کوڑا کچرا بھی پھینکا جاتا ہے جس کی وجہ سے پارک کی خوبصورتی اور دلکشی برقرار نہیں رہی۔