ڈی جی پارکس کا عہدہ مذاق بن گیا2ماہ میں4افسر تبدیل

پرکشش عہدے کے حصول کیلیے پھر رسہ کشی جاری، انتظامی امور بری طرح متاثر


Staff Reporter June 04, 2013
پرکشش عہدے کے حصول کیلیے پھر رسہ کشی جاری، انتظامی امور بری طرح متاثر. فوٹو فائل

بلدیہ عظمیٰ کے ڈائریکٹر جنرل پارکس کے پرکشش عہدے کے حصول کیلیے افسران میں رسہ کشی جاری ہے۔

اس عہدے پر 2 ماہ کے دوران4 افسران کی تعنیاتی کی گئی تاہم کسی کو مستقل بنیادوں پر تعینات نہ کرنے کے باعث نہ صرف محکمے کے انتظامی وترقیاتی امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں بلکہ تسلسل کے ساتھ اس عہدے پر افسران کے تبادلے پورے شہر میں لطیفہ بن گئے ہیں۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ میں ڈائریکٹر جنرل پارکس کو ادارے کے ''زرخیز'' عہدوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس عہدے پر تعیناتکیے جانے والے آفیسر کا دوسرا بااثر افسرتبادلہ کرادیتا ہے۔ اس عہدے پر کم وبیش 2ماہ قبل نیاز سومرو کا تبادلہ کرکے ان کی جگہ ریحان خان کی تقرری کی گئی۔



چند دنوں بعد ان کا تبادلہ کرکے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے ایک جونیئر آفیسر محمود بلوچ کو لایا گیا تاہم2 ہفتے بعد ان کا تبادلہ کرکے سعید پیرانی کی تعیناتی کردی گئی۔ پیر 3جون کو ان کا بھی تبادلہ کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران اس عہدے کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہے ہیں تاہم دیکھنا یہ ہے کہ اس بار قرعہ کس کے نام نکلتا ہے اور کتنے عرصے تک وہ افسر اس عہدے پر تعینات رہتا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کے سینئر افسران نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں کیونکہ ان کے اس عمل سے نہ صرف پورے شہر میں مذاق بن رہا ہے بلکہ ارباب اختیار کی نیتوں پر بھی شک کیا جارہا ہے۔