بھتہ خوری کے الزام میں 3 ملزمان کو 11 برس قید کی سزا

ملزمان کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 3 ماہ جیل میں گزارنا ہونگے۔


Staff Reporter June 05, 2013
استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 20اکتوبر2012کو مقامی موٹر سائیکل کمپنی کے ایم ڈی محمد شفیق سے موبائل فون کے ذریعے 15لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی اختیاری عدالت کے جج زاہدہ سکندر نے قتل کی دھمکی دیکر بھتہ طلب کرنے کے الزام میں ملوث نعمت اﷲ، حمید اﷲ اور عبدا لباقی کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 11برس قید اور فی کس 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

ملزمان کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 3 ماہ جیل میں گزارنا ہونگے، استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 20اکتوبر2012کو مقامی موٹر سائیکل کمپنی کے ایم ڈی محمد شفیق سے موبائل فون کے ذریعے 15لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا بعدازاں ملزمان نے بھتے کی رقم بڑھاکر 50لاکھ روپے کردی تھی اور قتل کی دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ اگر بھتہ فوری ادا نہیں کیا تو وہ فیکٹری کو بھی بم سے اڑا دیں گے ، مدعی نے تھانہ منگھو پیر میں تحریری درخواست دی تھی۔



پولیس اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کی اور ملزمان کے موبائل فون کے ڈیٹا اور لوکیشن معلوم کرکے ملزمان کو منگھو پیر کے علاقے سے مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا اور اسلحہ موبائل فون وغیرہ برآمد کیا تھا، منگل کو فاضل عدالت نے جرم ثابت ہونے پر بھتہ طلب کرنے کے الزام میں 5 برس قید10 ہزار روپے جرمانہ ، قتل کی دھمکی دینے کے الزام میں پانچ برس قید جبکہ ٹیلی گراف ایکٹ کے جرم میں ایک برس قید کی سزا سنائی ، ملزمان کو جیل حکام نے فاضل عدالت میں پیش کیا تھا تاہم عدالت نے سزا سنانے کے بعد دوبارہ ملزمان کو جیل بھیج دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں