اندرونی وبیرونی خطرات سے نمٹنے کیلیے تیاررہناچاہیے ایئر چیف

تربیت کا یہ معیارسخت محنت سے حاصل کیا،سب صلاحیتوں کے معترف ہیں


Staff Reporter June 05, 2013
پاک فضائیہ کے سربراہ طاہررفیق بٹ کا سدرن ایئرکمانڈکے ٹریننگ بیس کا دورہ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہررفیق بٹ نے تربیتی سہولتوں، صلاحیتوں اور تربیتی یونٹس پر انتظامی ڈھانچے کے جائزہ کے لیے سدرن ایئر کمانڈ کے ایک ٹریننگ بیس کا دورہ کیا اور بیس پر موجود سویلینز اور ایئرمینوں سے ملاقات کی۔

وہ ورک سینٹرز، تکنیکی لیبارٹریز، بیس کے اسکول اورکالج بھی گئے۔ ایئرچیف نے پاک فضائیہ کے تربیتی یونٹس کی تیاریوں اور کوششوں کو سراہا۔ بیس آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انھیں گارڈآف آنر پیش کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور ایئرمینوں کے مشترکہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں تمام اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہردم تیار رہناچاہیے، یہ تبھی ممکن ہے کہ ہم سب ذہنی اور جسمانی طورپر تندرست رہیں۔



ہمیں ایک دیانت دار، پر عزم اور پراعتماد افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ اور پاک فضائیہ کے ہرفرد کو ہروقت ایک ذمے دارانہ کردار اداکرنا ہوگا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے بڑوں نے انتہائی محنت سے تربیت کا یہ معیار حاصل کیاہے اور ہمیں اس معیار کو مسلسل بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اپنی آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے کے لیے پاک فضائیہ ملکی اور غیرملکی مشقوں میں حصہ لیتی ہے۔ تمام ممالک نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم وضبط کو سراہاہے۔