اسپاٹ فکسنگ کیس؛ ناصر جمشید نے 10سالہ پابندی کے خلاف اپیل کردی

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 27 ستمبر 2018
میچ فکسنگ کیلیے اکسانے کے الزام پر سزا سنائی گئی حالانکہ پاکستان سپرلیگ میں شریک ہی نہیں تھا، اوپنر۔ فوٹو: فائل

میچ فکسنگ کیلیے اکسانے کے الزام پر سزا سنائی گئی حالانکہ پاکستان سپرلیگ میں شریک ہی نہیں تھا، اوپنر۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزایافتہ ناصر جمشید نے 10سالہ پابندی کے خلاف اپیل کردی۔

وکیل کے ذریعے پی سی بی کو جمع کرائی جانے والی درخواست میں اوپنر ناصر جمشید نے موقف اختیار کیاکہ ان کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھاگیا ہے، میچ فکسنگ کیلیے اکسانے کے الزام پر سزا سنائی گئی حالانکہ پاکستان سپرلیگ میں شریک ہی نہیں تھا، جو لوگ فکسنگ میں قصور وار قرار پائے انھیں 2سے 5 برس کی سزائیں دی گئیں، میں نے کچھ کیا ہی نہیں لیکن 10سال کا بین لگا دیا گیا۔

یاد رہے کہ  ناصر جمشید کو پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے تحقیقات میں عدم تعاون پر ایک سال کیلیے معطل کیا،یہ سزا ختم ہونے سے چند روز قبل ہی فکسنگ الزامات کے تحت کیس میں کارروائی کا آغاز ہوا، اینٹی کرپشن کوڈ کی 5شقوں کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر جسٹس فضل میراں چوہان کی سربراہی میں اینٹی کرپشن ٹربیونل نے ناصر جمشید پر 10سال کیلیے کرکٹ اور متعلقہ سرگرمیوں کے دروازے بند کردیے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔