فرنچ اوپن سرینا اور ماریا ٹائٹل کیلیے مدمقابل ہونگی

سیمی فائنلز میں سارا ایرانی کو شکست، وکٹوریا آذرنیکا بارش کے سبب کھیل پر گرفت برقرار نہ رکھ پائیں، جمہوریہ چیک کی۔۔۔


Sports Desk/AFP June 07, 2013
سیمی فائنلز میں سارا ایرانی کو شکست، وکٹوریا آذرنیکا بارش کے سبب کھیل پر گرفت برقرار نہ رکھ پائیں، جمہوریہ چیک کی جوڑی نے مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

فرنچ اوپن کے ویمنز سنگلز فائنل میں امریکی اسٹار سرینا ولیمز اور دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا مدمقابل ہوں گی۔

گذشتہ روز سیمی فائنلز میں سارا ایرانی اور وکٹوریا آذرنیکا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جمہوریہ چیک کی جوڑی نے مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق سرینا ولیمز نے جمعرات کے روز سارا ایرانی کو صرف 46 منٹ کے کھیل میں 6-0، 6-1 سے زیر کیا، 2002 میں آخری مرتبہ رولینڈ گیروس کی فاتح امریکی ٹاپ سیڈ اپنی موجودہ 30 فتوحات کے ساتھ 20 واں کیریئر گرینڈ سلم فائنل کھیلیں گی۔ 2012 کی رنر اپ سارا کیخلاف سرینا خطرناک پلیئر ثابت ہوئیں۔

دوسرے سیمی فائنل میں ماریا شراپووا کو آسٹریلین اوپن چیمپئن وکٹوریا آذرنیکا کیخلاف صبر آزما امتحان کے بعد 6-1، 2-6 اور 6-4 سے فتح نصیب ہوئی، ویمنز ٹینس کی دو بڑی ہٹرز کے مابین میچ کا آغاز دفاعی چیمپئن نے عام انداز سے کیا،ایک سیٹ ہارنے والی پلیئر نے آخرکار بارش کی وجہ سے رکنے والے میچ کے دوسرے اور تیسرے سیٹ پر مکمل کنٹرول حاصل کرکے فائنل میں نشست کو محفوظ کرلیا۔

2001 میں جینیفر کیپریاٹی کے بعد آذرنیکا ایک ہی سال میں آسٹریلین اور فرنچ اوپن جیتنے والی پہلی خاتون بننے کی کوشش کررہی تھیں جب بارش نے ان کی اس خواہش کو پورا نہ ہونے دیا، ردھم ٹوٹنے سے وہ کھیل پر گرفت کھو بیٹھیں۔



ماریا کے خلاف فائنل کے بارے میں سرینا نے کہا کہ مجھے میچ کی کچھ مختلف تیاری کرنا ہوگی، وہ ایک عظیم کھلاڑی ہیں،11برس بعد فائنل میں پہنچنا بہت عمدہ رہا، اب ٹائٹل پر نگاہیں مرکوز ہیں۔

دریں اثنا مینز ڈبلز سیمی فائنلز میں امریکی نمبر ون جوڑی باب برائن اور مائیک برائن نے آسٹریلیا اور برازیل کے7 سیڈ پیئر الیگزینڈر پیا اور برونو سورس کو 6-1، 6-4 سے ہرایا، فرانسیسی جوڑی مائیکل لودرا اور نکولس ماہٹ نے یوروگوئے اور ارجنٹائن کی جوڑی پیبلو کیوواس اور ہوراسیو زیبالوس کو 7-6 (7-4)، 6-2 سے شکست دی۔ مکسڈ ڈبلز فائنل میں جمہوریہ چیک کی جوڑی لوسی ہرادیکا اور فرانٹیسیک سرمک نے فرانس اور کینیڈا کے پیئرکرسٹینا ملاڈینووک اور ڈینیئل نیسٹور کو 1-6، 6-4 اور 10-6سے پچھاڑا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں