امریکی خاتون کا رونالڈو پر جنسی زیادتی کے الزام میں ہرجانے کا دعویٰ

ویب ڈیسک  پير 1 اکتوبر 2018
رونالڈو نے 2009 میں خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ فوٹو : فائل

رونالڈو نے 2009 میں خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ فوٹو : فائل

لاس ویگاس: امریکی خاتون نے فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کرتے ہوئے ہرجانے کے لیے مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ایک امریکی خاتون کیتھرین میئرگا نے کلارک کاؤنٹی میں پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف جنسی زیادتی پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔

امریکی شہر لاس ویگاس کی شہری کیتھرین میئرگا نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ 2009 میں لاس ویگاس کے ایک ہوٹل میں منع کرنے کے باوجود معروف فٹبالر نے انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا۔

امریکی خاتون کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے بعد جب ذہنی دباؤ سے نکلی اور پولیس سے رجوع کیا تاہم مجبوریوں کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اثر و رسوخ رکھنے والے رونالڈو نے زبردستی ایک معاہدے پر دستخط کرائے اور خاموش رہنے کے لیے مجھے 3 لاکھ 75 ہزار امریکی ڈالر کی ادائیگی بھی کی۔

کرسٹیانو رونالڈو نے 2017 میں بھی لاس ویگاس کی خاتون سے زیادتی کی تردید کی تھی جب یہ معاملہ پہلی مرتبہ میڈیا میں آیا تھا تاہم خاتون کی جانب سے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کے بعد دو روز قبل بھی رونالڈو نے انسٹاگرام پر بھی اس خبر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے ایسے الزامات عائد کیے جارہے ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو کے وکلاء کا کہنا ہے کہ بے بنیاد الزام پر ہمارے کلائنٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے ان کی ساکھ بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور ان کی نجی زندگی مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔