آئندہ بجٹ میں 2 نئی ٹیکس سلیبزمتعارف کرانے کی تجویز

نئی سلیبز 25لاکھ سالانہ کمانے والے ملازمین ،انفرادی ٹیکس دہندگان کیلیے ہوںگی


Irshad Ansari June 07, 2013
نئی سلیبز 25لاکھ سالانہ کمانے والے ملازمین ،انفرادی ٹیکس دہندگان کیلیے ہوںگی فوٹو : فائل

ایف بی آرنے آئندہ مالی سال 2013-14 کے وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار ملازمین، انفرادی ٹیکس دہندگان اورایسوسی ایشن آف پرسنز کیلیے قابل ٹیکس آمدنی کی حد نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم تنخواہ دارملازمین کیلیے 2 نئی ٹیکس سلیبزمتعارف کرانے کی تجویز دی ہے۔

اس ضمن میں ایف بی آر کے سینئر افسر نے ایکسپریس کو بتایا کہ قابل ٹیکس آمدنی کی 4 لاکھ روپے سالانہ کی موجودہ حد برقرار رکھی جائے گی، بجٹ میں تنخواہ دار ملازمین کیلیے 2 نئی ٹیکس سلیبز متعارف کروانے کی تجویز کا جائزہ لیا جارہا ہے جس کے تحت ملازمین کیلیے ٹیکس سلیبز کی تعداد5 سے بڑھا کر7 کیے جانے کا امکان ہے، تجویز کردہ 2 نئی ٹیکس سلیبز میں زیادہ آمدنی رکھنے والے تنخواہ دار ملازمین کو شامل کیا جائے گا، ملازمین سے مطلوبہ صلاحیت کے مطابق ٹیکس وصولی کو یقینی بنانے کیلیے کچھ ترامیم متعارف کرانے کا جائزہ لیاجارہا ہے۔

ایف بی آر حکام کاکہناہے کہ تنخواہ دار ملازمین کی تنخواہوں سے ٹیکس واجبات کی کمپیوشن کے فارمولے کابھی جائزہ لیا جارہا ہے، اس وقت 4 لاکھ روپے سالانہ تک آمدنی رکھنے والے تنخواہ دار ملازمین، انفرادی ٹیکس دہندگان اور ایسوسی ایشنز آف پرسنز کیلیے انکم ٹیکس شرح صفر ہے، جبکہ 4لاکھ سے ساڑھے 7 لاکھ سالانہ آمدنی پر5 فیصد انکم ٹیکس عائد ہے، ساڑھے7 لاکھ سے زائد اور 15لاکھ روپے سالانہ آمدنی پر ساڑھے 17 ہزار روپے فکس ٹیکس ہے، اس کے علاوہ 4 لاکھ سے زائد آمدنی پر 10 فیصد انکم ٹیکس عائد ہے، چوتھی ٹیکس سلیب کے تحت 15 لاکھ روپے سے 25 لاکھ روپے سالانہ تک آمدنی پر ساڑھے 92 ہزار روپے فکس اور اس کے علاوہ 15 فیصد انکم ٹیکس عائد ہے۔

پانچویں ٹیکس سلیب کے تحت 25 لاکھ روپے سالانہ سے زائدآمدنی پر 2 لاکھ 42 ہزار 500 روپے فکس اور اس کے علاوہ 20 فیصد انکم ٹیکس عائد ہے۔ ذرائع کاکہناہے کہ نئے میکنزم کے تحت یہ تجویز بھی زیر غور ہے کہ قابل ٹیکس کی حد سے زائد آمدنی ہونے کی صورت میںپوری آمدنی کی رقم پر ٹیکس وصول کیا جائے بجائے 4 لاکھ روپے کی قابل ٹیکس آمدنی کومنہا کرکے باقی رہ جانے والی آمدنی پر ٹیکس وصول کیا جائے، 2 نئی ٹیکس سلیبز جوزیر غور ہیں وہ 25لاکھ روپے سالانہ سے زائد آمدنی والے تنخواہ دار ملازمین، انفرادی ٹیکس دہندگان اور ایسوسی ایشنز آف پرسنز کیلیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں