جناح اسپتال کے معاملات کی تحقیقات کیلیے کمیٹی تشکیل

حکومت سندھ نے جناح اسپتال میں آپس کی جنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سخت فیصلے کرنے کی ہدایت دی ہے۔


Staff Reporter June 08, 2013
سید ہاشم رضا زیدی نے کہا کہ دوران ہڑتال 1200 مریض آپریشن سے محروم جبکہ ہزاروں افراد طبی سہولتوں سے محروم رہے۔ فوٹو: راشد اجمیری/ ایکسپریس

جناح اسپتال کے نگراں انتظامی سربراہ سید ہاشم رضازیدی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے جناح اسپتال کے معاملات کی مکمل چھان بین اورتحقیقات کیلیے 3 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔

جس کا سربراہ سبحان میمن کومقررکیا گیا ہے تحقیقات آج سے شروع کی جائیگی، وہ جمعہ کواسپتال کے نگراں انتظامی امورکی ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد کمیٹی روم میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ،اس موقع پرسیکریٹری صحت ڈاکٹر سر یش کمار اورڈاکٹرزایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے، سید ہاشم رضا زیدی نے کہا کہ دوران ہڑتال 1200 مریض آپریشن سے محروم جبکہ ہزاروں افراد طبی سہولتوں سے محروم رہے، انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے جناح اسپتال میں آپس کی جنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سخت فیصلے کرنے کی ہدایت دی ہے۔



جناح اسپتال صوبے کا سب سے بڑا اورمعروف اسپتال ہے جہاں سینئرڈاکٹرز اورسینئر سرجن موجود ہیں، اسپتال کی ساکھ کوبرقرارکھنے کیلیے تمام ڈاکٹروں اوردیگر ملازمین کودکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہوگی ، 2سال قبل 18ویں ترمیم کی منظوری کے بعد جناح اسپتال صوبائی حکومت کے ماتحت کردیاگیا ہے اور حکومت سندھ ہی ان اسپتالوں کوبجٹ بھی فراہم کرتی ہے، انھوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پرجمعہ کواسپتال میں نگراں انتظامی سربراہ کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھال لی ہیں لیکن اسپتال میں مستقل ایگزیکٹوڈائریکٹراورجوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرکی تعیناتی کے لیے کمیٹی قائم کی جارہی ہے ۔

جس میں اسپتال میں سینارٹی فہرست کے مطابق 3,3 نام حکومت کو بھیجے جائیں گے ان میں سے اسپتال کے انتظامی سربراہ اور ایک جوائنٹ ڈائریکٹرکاانتخاب کیاجائیگا، انھوں نے کہاکہ ایگزیکٹوڈائریکٹرکے لیے 3 نام آج حکومت سندھ کوبھیج دیے جائیں گے جس کا نوٹیفکیشن ایس اینڈ جی ڈی کی جانب سے جاری کیا جائیگا، انھوں نے کہاکہ جمعہ کوہڑتالی ڈاکٹروں نے اپنا احتجاج ختم کردیا جس کے بعد اسپتال میں معمول کے مطابق مریضوں کوطبی سہولتیں فراہم کی جاتی رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں