میر رضا کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے متوفی کے بزنس پارٹنر سے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کرنے جبکہ مالی لین دین سمیت دیگر معاملات کو بھی تفتیش میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق میر رضا کیس کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کا دوسرا اجلاس 4 گھنٹے تک ڈی آئی جی ویسٹ آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت جے آئی ٹی کے سربراہ ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے کی۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے اجلاس میں مختلف انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران شریک ہوئے اور کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں جے آئی ٹی حکام نے میر رضا کے اہل خانہ سے مزید معلومات کیں۔ جے آئی ٹی حکام نے ایس آئی او فیروز آباد شبیر لغاری، سی آئی اے پولیس کے افسر غوث عالم، تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری، ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضال اور سابق ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے میر رضا کے پارٹنر احمد بھاردے اور ان کے بھائی کا بیان بھی قلمبند کیا۔ ذرائع کا کہنا یے کہ تفتیشی حکام احمد بھاردے سے مزید تحقیقات جاری رکھنے اور دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کیس پر تحقیقات کرنے والے سی پی ایل سی نمائندوں نے جے آئی ٹی حکام کو اپنی رپورٹ سے آگاہ کیا۔ اس کیس میں جے آئی ٹی کے ساتھ سی پی ایل سی بھی مزید معاونت کے طور پر کام کرے گی۔
اجلاس کے دوران جے آئی ٹی نے میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد بھاردے سے ہونے والی اب تک کی تفتیش کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ تفتیشی ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے میر رضا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور مالی و کاروباری معاملات سے متعلق تفتیش شروع کردی ہے۔
جے آئی ٹی نے میر رضا کے جن افراد کے ساتھ لین دین و کاروباری معاملات رہے ہیں، ان سب کو مرحلہ وار طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کے بیان ریکارڈ کیے جائیں گے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے میر رضا کے بزنس پارٹنرز سے مزید تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جائے گا جبکہ میر رضا کیس کی ماضی میں کی گئی تمام تفتیش کا جے آئی ٹی ازسرنو جائزہ لے گی۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے این سی سی آئی اے کو کیس کے ٹیکنیکل پہلوؤں پر ازسرنو تفتیش کرکے رپورٹ مرتب کرنے کے لیے احکامات دیے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی آئندہ اجلاس میں سابقہ تفتیشی ٹیم کے کئی ارکان کے دوبارہ بیانات ریکارڈ کرے گی جس کے تحت تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔