ریلوے کے کرایہ واپسی قوانین میں اہم تبدیلی، ڈیجیٹل نظام نافذ

پاکستان ریلوے کے چیف کمرشل منیجر آفس کی جانب سے تمام ریلوے ڈویژنز کو نئے احکامات پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے


طالب فریدی November 13, 2026
فوٹو: فائل

پاکستان ریلوے نے کرایہ واپسی کے قوانین میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے نیا ڈیجیٹل ریفنڈ نظام نافذ کر دیا اور مسافروں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کردیے ہیں۔

پاکستان ریلوے نے آپریشنل وجوہات کی بنا پر مسافروں کو کرایہ واپس کرنے کے نئے ایس او پیز جاری کر دیے، جس کے مطابق ہائر کلاس کے بجائے لوئر کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کو کرایوں کا فرق واپس ملے گا،  اے سی خراب ہونے یا پاور پلانٹ فیل ہونے پر مسافروں کو اضافی کرایہ واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان ریلوے نے کرایہ واپسی کے لیے ڈیجیٹل گارڈ سرٹیفکیٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے اور اس کے تحت کنڈکٹر گارڈ پی ڈی اے کے ذریعے ڈیجیٹل گارڈ سرٹیفکیٹ (CM-109) جاری کرے گا، کاؤنٹر سے ٹکٹ خریدنے والے مسافر 7 روز کے اندر ریفنڈ حاصل کر سکیں گے۔

نئے قوانین کے تحت ریفنڈ کے حصول کے لیے اصل ٹکٹ، گارڈ سرٹیفکیٹ اور شناختی کارڈ کی کاپی جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے، آن لائن ٹکٹ خریدنے والے مسافروں کو کرایہ خودکار طریقے سے متعلقہ اکاؤنٹ، کارڈ یا ڈیجیٹل والیٹ میں واپس ملے گا۔

کوچ ٹرین کے ساتھ نہ لگنے یا ٹرین منسوخ ہونے پر بھی مسافروں کو کرایہ واپس کیا جائے گا تاہم کوچ نہ لگنے یا ٹرین منسوخی کی صورت میں ڈی سی او کی تصدیق کے بعد ریفنڈ جاری ہوگا۔

مزید بتایا گیا کہ گارڈ سرٹیفکیٹ جاری ہوتے ہی کینسل شدہ سیٹ خودکار طور پر خالی ہو جائے گی، خالی ہونے والی سیٹ دوسرے مسافر کو الاٹ کرنے کا راستہ بھی ہموار کر دیا گیا۔

پاکستان ریلوے کے چیف کمرشل منیجر آفس کی جانب سے تمام ریلوے ڈویژنز کو نئے احکامات پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔