بلدیہ اوراورنگی ٹاؤن بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف مکین سڑکوں پر نکل آئے

احتجاج کے باعث قائم خانی کالونی میں ٹریفک معطل ہوگیا۔


Staff Reporter June 08, 2013
بلدیہ ٹاؤن کے علاقے قائم خانی کالونی سمیت ملحقہ علاقوں میں بجلی اور پانی کی بندش پر مشتعل افراد نے سڑک پر دھرنا دے کر ٹائروں کو نذر آتش کیا۔ فوٹو: ایکسپریس

ISLAMABAD: بلدیہ ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش کے خلاف مشتعل افراد نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر کے ٹائروں کو نذر آتش کیا اور کے ای ایس سی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے،متاثرین نے سیاسی اورمذہبی جماعتیں سے لوڈشیڈنگ کے خلاف دھرنوں اور مظاہروں کا مطالبہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے قائم خانی کالونی سمیت ملحقہ علاقوں میں بجلی اور پانی کی بندش پر مشتعل افراد نے سڑک پر دھرنا دے کر ٹائروں کو نذر آتش کیا اور کے ای ایس سی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی ،مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، بجلی کی طویل بندش نے روزمرہ زندگی کے معمولات کو شدید متا ثر کردیا اور اس پر پانی کی عدم فراہمی نے بھی دہری مشکلات سے دوچار کردیا ہے،بجلی کی شکایت کے لیے جانے والوں سے کے ای ایس سی کا عملہ ہتک آمیز رویہ اختیار کرتا ہے اور بجلی کی عدم فراہمی کے حوالے سے کوئی مثبت جواب نہیں دیتا جس کی وجہ سے مکینوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے،مکینوں کا کہنا ہے کہ کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ اور شدید گرمی نے بچوں اور ضعیف العمر افرادکوبے حال کردیا ۔

جبکہ متعدد افراد تو گرمی برداشت نہ کرتے ہوئے بے ہوش بھی ہوچکے ہیں، احتجاج کے باعث قائم خانی کالونی میں ٹریفک معطل ہوگیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشتعل افرادکوبات چیت کے بعد پرامن طور پر منتشرکردیا ، اورنگی ٹاؤن 12نمبر میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے عاجز آکرمکینوں نے گھروں سے نکل کر روڈ بلاک کردی،اس موقع پر نامعلوم مشتعل افراد نے ٹائروں کونذرآتش کیا اورگاڑیوں پر پتھراؤ کرکے ٹریفک معطل کردیا ، مشتعل افراد نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف کے ای ایس سی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ،مشتعل مکینوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں گذشتہ رات سے بجلی غائب ہے جس کی وجہ سے مکینوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے اور اس وجہ سے پانی کی سپلائی بھی شدید متا ثر ہورہی ہے،علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں ۔



سیاسی اورمذہبی جماعتیں اپنے مفادات کیلیے دھرنے اورمظاہرے کرتی ہیں، لوڈشیڈنگ کے خلاف بھی دھرنے دیں،وزیر اعظم نواز شریف کراچی کے مسائل حل کریں، ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی،مذاکرات اور بجلی فراہمی کی یقین دہانی کے بعد مشتعل کو منتشر کرکے ٹریفک بحال کرا دیا ۔علاوہ ازیں شیریں جناح کالونی میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش پر علاقہ مکین سڑک پر نکل آئے اور ٹریفک معطل کرا دیا ، مظاہرین نے احتجاج کے دوران سڑک پر ٹائر اور فروٹ کی پیٹیاں بھی نذر آتش کیں ۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی جانے کا کوئی ٹائم مقرر نہیں، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم ہر ماہ باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں اس کے باوجود ہمیں بجلی نہیں ملتی، ایک گھنٹے تک احتجاج جاری رہنے کے بعد پولیس افسران نے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد انہیں بجلی کی جلد بحالی کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے، لانڈھی36/Bمیں گزشتہ روز سے بجلی کی بندش کے خلاف مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی اور کے ای ایس سی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی بندش کے باعث پانی کا بحران پیدا ہو گیا ، سخت گرمی میں پانی نہ ہونے سے نہ صرف خواتین اور بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ نمازیوں کو وضو کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں