چھینے جانے والے موبائل فونز ایران اسمگل کیے جانے کا انکشاف

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 6 اکتوبر 2018
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کرلیے۔ فوٹو : فائل

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کرلیے۔ فوٹو : فائل

کراچی: اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کے دوران چھینے گئے قیمتی موبائل فون ایران اسمگل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایس ایس پی کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ پرویز چانڈیو نے بتایا کہ سی ٹی ڈی آپریشن ون نے سائٹ بی کے علاقے میں کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسٹریٹ کرائمز وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان عمیظ ولد محمد یونس ، محمد ولید اور عبدالخالق عرف خالد کو گرفتار کر کے 3ٹی ٹی پستول ،15 گولیاں اور10موبائل فونز برآمد کرلیے۔

پرویز چانڈیو کے مطابق گرفتار ملزم عمیظ موبائل فون و رقم چھیننے کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے،ملزمان محمد ولید اور عبدالخالق چھینے جانے والے موبائل فونز کو ان لاک اور فلیشنگ کرنے کے بعد چھوٹے اور سستے موبائل فونز مارکیٹ میں فروخت کر دیتے تھے جبکہ ملزم عبدالخالق چھینے گئے قیمتی موبائل فونز کو فروخت کے لیے ایران بھجوا دیتا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان کے گروہ کا تعلق لیاری گینگ وار اور جبار لنگڑا گروپ کی باقیات سے ہے جبکہ وہ سائٹ اے ،سائٹ بی،شیرشاہ ، پاک کالونی اور بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالخالق کے اس انکشاف کے بعد سی ٹی ڈی حکام نے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا،اس بات کا سراغ لگایا جا رہا ہے کہ چھینے ہوئے موبائل فونز کو کس طریقہ کار کے تحت ایران اسمگل کیا جاتا ہے اور اس بات کی بھی تحقیقات کی جا رہی کہ ملزم کے گروہ میں اور کتنے کارندے شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔