کینگروز کے شکار کیلیے پاکستانی اسپن جال کمزور پڑ گیا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 6 اکتوبر 2018
پیس بیٹری میں محمد عامر کا خلا میر حمزہ سے پُر کیے جانے کا امکان،وہاب ریاض کاآپشن بھی موجود ہوگا۔ فوٹو: فائل

پیس بیٹری میں محمد عامر کا خلا میر حمزہ سے پُر کیے جانے کا امکان،وہاب ریاض کاآپشن بھی موجود ہوگا۔ فوٹو: فائل

 لاہور: کینگروز کا شکار کرنے کیلیے تیار کردہ پاکستانی اسپن جال کمزور پڑ گیا۔

پاکستان کی یواے ای میں بیشتر فتوحات اسپنرز کی مرہون منت رہی ہیں، سعید اجمل اور عبدالرحمان نے چند برس قبل اس وقت کی عالمی نمبر ون انگلش ٹیم کو ناکوں چنے چبوا دیے تھے، 2 سال قبل کینگروز نے امارات کا دورہ کیا تو مہمانوں کی 40 میں سے 30وکٹیں یاسر شاہ، ذوالفقار بابر اور محمد حفیظ لے اڑے تھے۔

اگرچہ عام طور پر پلیئنگ الیون میں ایک ساتھ 2 اسپنرز کو شامل نہیں کیا جاتا لیکن ہیڈ کوچ مکی آرتھر کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے یاسر شاہ اور شاداب خان کو میدان میں اتارنے کیلیے منصوبہ بندی کرچکے تھے، نوجوان لیگ اسپنر نے 2017کے برج ٹاؤن ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا تھا، گزشتہ دورئہ آئرلینڈ اور انگلینڈ میں انھوں نے گیند سے زیادہ بیٹ کے ساتھ کمال دکھاتے ہوئے تینوں ٹیسٹ میں ایک ایک ففٹی بنائی، ان کی کارکردگی میں بہتری کے آثار نظر آئے۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے یاسر شاہ اور شاداب خان کو میدان میں اتارنے کیلیے پلاننگ کرچکے اور ان کو یقین تھا کہ سینئر بولر کے ساتھ نوجوان لیگ اسپنر بھی کینگروز کیلیے بچھائے جانیوالے اسپن جال کو مضبوط بنانے میں کامیاب ہونگے،مگر پاکستان ٹیم کو ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے قبل ہی دھچکا لگ گیا ہے۔

گروئن انجری کے شکار شاداب خان کی آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہوگئی،محدود اوورز کی کرکٹ میں قومی ٹیم کا لازمی حصہ سمجھے جانے والے نوجوان لیگ اسپنر ایشیا کپ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔

’’کرک انفو‘‘ کے مطابق شاداب خان تاحال مکمل طور پر فٹ نہیں ہوسکے،اگرچہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ تاحال ان کی صحتیابی کیلیے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں مگر شاداب کی کینگروز کیخلاف اتوار کو دبئی میں شروع ہونیوالے پہلے ٹیسٹ میں شرکت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے،اس صورتحال میں پاکستان کو اب ناتجربہ کار بلال آصف پر انحصار کرنا ہوگا۔

نوجوان آف اسپنر نے ابھی تک صرف 3ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے اور ٹیسٹ ڈیبیو کے منتظر ہیں، شاداب خان کے فٹنس مسائل کی وجہ سے یاسر شاہ کے ساتھ سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ذمہ داری بڑھ گئی۔

دورئہ زمبابوے میں کوئی ون ڈے میچ کھیلے بغیر قومی ٹیم سے باہر کیے جانے والے کرکٹرز کا ٹیسٹ سیریز میں کردار مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے،کینگرو ٹاپ آرڈر کے 6 بیٹسمینوں میں سے کم از کم 3لیفٹ ہینڈرز کی موجودگی میں محمد حفیظ کو اب بولنگ کا زیادہ بوجھ بانٹنا ہوگا۔

یاد رہے کہ ماضی میں بار بار بولنگ ایکشن قانون کی زد میں آنے والے محمد حفیظ اصلاح کے بعد معطلی ختم کرا چکے لیکن یواے ای میں ریڈار میں ہوں گے، بلال آصف کا بولنگ ایکشن بھی اکتوبر 2015میں زمبابوے کیخلاف ڈیبیو سیریز پر رپورٹ ہوا تھا لیکن وہ اسی ماہ کلیئرنس پانے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

ذرائع کے مطابق ڈراپ کیے جانے والے محمد عامر کا خلا پُر کرنے کیلیے کینگروز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں میر حمزہ کو ڈیبیو کا موقع دیے جانے کا امکان ہے،ان فارم محمد عباس کی معاونت کیلیے مینجمنٹ کو وہاب ریاض اور میر حمزہ میں سے کسی ایک انتخاب کرنا ہوگا،سینئر پیسر کینگروز کیخلاف پریکٹس میچ میں متاثرکن کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے۔

دریں اثنا پہلے  ٹیسٹ سے قبل دبئی میں گرین کیپس کی مشقوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز بھی کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہتری کیلیے مشقیں کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔