وزیراعظم کا دورہ سدرن کمانڈ، بلوچستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 اکتوبر 2018
وزیراعظم نے صوبے میں امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا، آئی ایس پی آر فوٹو:آئی ایس پی آر

وزیراعظم نے صوبے میں امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا، آئی ایس پی آر فوٹو:آئی ایس پی آر

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے سدرن کمانڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ کینٹ میں سدرن کمانڈ کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ ائیر بیس پر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وفاقی وزراء بھی تھے۔

سدرن کمانڈ میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہیں صوبے کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو خوشحال بلوچستان معاشی ترقیاتی پروگرام، سی پیک کے سکیورٹی منصوبوں اور پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے کام پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے شورش زدہ علاقوں میں قیام امن کے بعد ہماری توجہ بلوچستان پر ہے، پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان سے جڑا ہے۔

وزیراعظم نے صوبے میں امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبوں اور وفاق کے درمیان تعاون، جامع قومی کوشش کے ذریعے اور فوج کی مدد سے بلوچستان کے حقیقی وسائل سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے گورنر بلوچستان جسٹس (ریٹائرڈ) امان اللہ خان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام محمد کمال نے الگ الگ ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور صوبے میں ترقیاتی و فلاح عامہ کے منصوبوں کی رفتار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پر عزم ہے، اس عزم کی تکمیل کے لیے تمام فریقین کی مشاورت سے مکمل وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔