مہدی حسن کے مقبرے کا تعمیراتی کام جلد مکمل کیا جائے

پہلے مرحلے میں بانڈری وال اورمرکزی گیٹ تعمیر کیا جائے ،متانت علی کی ہدایت.


Staff Reporter June 09, 2013
پہلے مرحلے میں بانڈری وال اورمرکزی گیٹ تعمیر کیا جائے ،متانت علی کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنرمتانت علی خان نے کہا کہ شہنشاہ غزل مہدی حسن کے مقبرے کے تعمیراتی کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے اور پہلے مرحلے میں بانڈری وال اورمقبرے کے مرکزی گیٹ کو مکمل کیا جائے۔

یہ بات انھوں نے محمد شاہ قبرستان نارتھ کراچی میں واقع مہدی حسن کے مقبرے کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہی،ان کے ہمراہ ڈائریکٹرجنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز احمد سومرواور مہدی حسن کے صاحبزادے عارف حسن اور دیگر افسران بھی موجود تھے،اس موقع پرمیٹروپولیٹن کمشنر نے مقبرے کے اطراف میں بنائی جانے والی غیر قانونی تجاوزات کو فوری منہدم کرادیا اور قبرستان کے عملے کو تاکید کی کہ کسی بھی قسم کی بلا اجازت تعمیراتی سرگرمیوں کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا اورتجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔



انھوں نے اس موقع پر محکمہ انجینئرنگ کے افسران سے کہاکہ وہ مہدی حسن کے مقبرے کے عقب میں آمد ورفت کے راستے پر دیوار تعمیر کریں اور اس کے ساتھ داخلی گیٹ بھی بنائیں،واضح رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہنشاہ غزل مہدی حسن کے نام سے منسوب نارتھ ناظم آباد میں ساڑھے 10ایکٹر رقبے پر مشتمل پارک تعمیر کرکے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ،انھوںنے کہا کہ آئندہ بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی پاکستان کے نامورفنکاروں ، ادیبوں ، شاعروں ، مصوروں، کھلاڑیوں اورفنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات کے ناموں پر شاہراہوں ، پارکوں اور کھیلوں کے میدان منسوب کیے جائیں گے تاکہ ملک و قوم کے لیے پیش کی گئی، ان کی خدمات کو سراہا جاسکے۔

میٹروپولیٹن کمشنر متانت علی خان نے مہدی حسن کے صاحب زادے عارف حسن کو بتایا کہ مقبرے کا تعمیراتی کام جلد مکمل کرلیا جائے گا اور مقبرے کے ڈیزائن کے عین مطابق ہی اس کی تعمیرمکمل کی جائے گی، انھوں نے نامور گلوکار مہدی حسن کی روح کے ایصال ثواب کے لیے ان کی قبر پر فاتحہ خوانی بھی کی ،میٹروپولیٹن کمشنر نے محمد شاہ قبرستان نارتھ کراچی کے کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن آفس کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر انھوں نے ہدایت کی کہ دفتر میں تمام قواعد وضوابط نمایاں طورآویزاں کریں جس میں تدفین کے سرکاری نرخ اور زمین کی قیمت شامل ہوں تاکہ شہریوں کو تمام تر اخراجات کی تفصیلات معلوم ہوسکیں انھوں نے قبرستان کے مرکزی داخلی راستے پر ناریل کا پودا بھی لگا یا اور محکمہ پارکس کو ہدایت کی کہ قبرستان میں مزید سایہ دار درخت لگائیں جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں