متحدہ نے40 کھرب روپے کا وفاقی شیڈو بجٹ پیش کردیا

بجٹ خسارہ750ارب ظاہرکیا گیا،انرجی کے شعبے میں250ارب کی سبسڈی دی گئی ہے


Staff Reporter June 12, 2013
بجٹ خسارہ750ارب ظاہرکیا گیا،انرجی کے شعبے میں250ارب کی سبسڈی دی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈرڈاکٹرفاروق ستار نے ایم کیوایم کی ''بجٹ و معیشت ٹیم ''کی جانب سے تیارکیے گئے 40 کھرب روپے کا''وفاقی شیڈو بجٹ برائے سال2013اور 2014'' پیش کردیاہے جس میں بجٹ خسارہ 750ارب ظاہر کیا گیا۔

شیڈوبجٹ کے ذیلی مندرجات کے مطابق انرجی کے شعبے میں250ارب کی سبسڈی دی گئی،250ارب پانی،بجلی اور توانائی کیلیے ،400ارب ملک کی ترقی کوتیزکرنے ،500ارب دفاع کیلیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ سیلزٹیکس کی شرح کو16فیصدسے کم کرکے10فیصد،درآمدی ڈیوٹی کو5فیصداورصنعتی ترقی کیلیے ڈیوٹی زیرو رکھی گئی ہے اورپٹرولیم لیوی کو ختم کرنے کا عندیہ دیاگیاہے ،شیڈو بجٹ کے مطابق500ارب روپے صرف انکم ٹیکس کی مد میں وصول کیے جائیں گے اور 30لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیاجائے گا ۔فاروق ستار نے شیڈوبجٹ خورشیدبیگم سیکریٹریٹ عزیز آبادمیں پریس کانفرنس میں پیش کیا،رابطہ کمیٹی کی رکن نسرین جلیل،رشید گوڈیل ، سہیل منصوربھی اس موقع پرموجود تھے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کی واحدجماعت ہے جو حکومتی بجٹ پیش ہونے سے پہلے اپناوفاقی شیڈو وفاقی بجٹ برائے سال 2013-14پیش کررہی ہے ، پچھلی مرتبہ ایم کیوایم حکومت میں تھی تب بھی ہم نے ایساہی کیااس مرتبہ باقی اپوزیشن جماعتوں پرسبقت لے جاتے ہوئے ایم کیوایم واحد حزب اختلاف کی جماعت ہے جو ملک میں معاشی بدحالی کے خاتمے ،لوڈشیڈنگ ، مہنگائی اور بیروزگاری ، غربت جیسے گھمبیر مسائل کے مستقل حل کیلئے عوام کی امنگوں و توقعات اورالطا ف حسین کے معاشی ویژن کی روشنی میں اپنی تجاویز پر مبنی شیڈو بجٹ پیش کررہی ہے۔



انھوں نے کہاکہ الطاف حسین کی یہ خواہش ہے کہ توانائی کے شعبے اور لوڈشیڈنگ کے مسائل کو اولین ترجیح دیکرصنعتی ، زرعی اور تجارتی سرگرمیوں کو تیز سے تیز کیاجائے ،مالی اور مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنا کر کرپشن کے فی الفور خاتمے ، ٹیکسوں کے نظام کومنصفانہ بنا کر ٹیکس چوری کے خاتمے ، بڑے بڑے وڈیروں، جاگیرداروں ، سرمایہ داروں کی آمدنی اور منافعوں پر براہِ راست ٹیکس وصول کرکے امیر اور غریب کے درمیان تفریق ختم اور عام آدمی کو بھی ترقی کے بھر پور مواقع فراہم کرنے کیلیے اقدامات کیے جائیں۔

شیڈوبجٹ کے مطابق ایم کیوایم قومی اداروںکے خسارے کو کم کرے گی،بجلی،پانی کے بلوں میں نمایاں کمی کرے گی ، کرپشن ختم کرکے ایف بی آرکی صلاحیت کو بڑھائے گی ، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور اسمگلنگ رکوائی جائے گی ،مقامی حکومتوں سمیت ماس ٹرانزٹ منصوبے وضع کئے جائیں گے ، چھوٹے قرضوں کی اسکیم اور چھوٹی صنعتوں کو فروغ دیاجائے گا۔نسرین جلیل نے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کے گزشتہ بیان کوکراچی کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 350میگاواٹ بجلی کراچی سے لینا کہاں کاانصاف ہے ، 20ملین کے شہر کو صرف 650میگاواٹ بجلی ملتی ہے اوراگر یہ 350 میگاواٹ بجلی لے بھی لی گئی تو اس سے صرف پاکستان بھر میں محض 15منٹ کی لوڈ شیڈنگ میں فرق پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں