کے ڈی اے کی جانب سے بینائی سے محروم بہن بھائی کو ملازمت نہ دینے پر چیف سیکریٹری سندھ، ڈی جی کے ڈی اے اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔ مجتبیٰ اور صائمہ نے عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی۔
عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے 9 اکتوبر 2026 کو ڈی جی کے ڈی اے کو دونوں بہن بھائی کو ملازمت دینے کے احکامات جاری کیے تھے۔ عدالت نے تین ہفتوں میں معذور کوٹہ نافذ کرنے اور دستیاب اسامیوں پر شفاف طریقے سے عملدرآمد کا حکم دیا تھا۔
درخواست گزاروں کے وکیل کے مطابق عدالت نے دونوں بہن بھائی کو معذور کوٹے کے تحت مستقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ صائمہ اور مجتبیٰ کے ڈی اے میں کنٹریکٹ پر تعینات تھے اور دونوں وہاں دو سے تین سال تک کام کرچکے ہیں۔
عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق عدالتی احکامات کے بعد درخواست گزاروں نے کے ڈی اے ہیڈ آفس سے رجوع کیا، تاہم وہاں ان کی تذلیل کرکے واپس بھیج دیا گیا۔ درخواست گزاروں کو کہا گیا کہ وہ عدالتی حکم کے پابند نہیں اور انہیں حکم دکھانے کی بھی ضرورت نہیں، وہ خود معاملے سے نمٹ لیں گے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ڈی جی کے ڈی اے اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔