ملک بھرکے ایئر پورٹس پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی

پی این ایس مسرور،مہران،فیصل،پاک فضائیہ سمیت اہم عمارتوں پرسیکیورٹی بڑھادی گئی


پی این ایس مسرور،مہران، فیصل،پاک فضائیہ سمیت اہم عمارتوں پرسیکیورٹی بڑھادی گئی

کامرہ ایئربیس پردہشت گردوں کے حملے کے بعد ملک بھر میں ایئرپورٹس پرسیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا'حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں اے ایس ایف کے کمانڈوز نے سیکیورٹی فرائض سنبھال لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کی ہدایت پر ملک بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ کامرہ ایئربیس پر حملے کے بعد پی این ایس مسرور، پی این ایس مہران، پی این ایس فیصل 'پاک فضائیہ سمیت سیکیورٹی اداروںکی تنصیبات سمیت اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کرکے وہاں تعینات اہلکاروں کی تعداد بھی بڑھادی گئی ہے۔

بتایاگیا ہے کہ ہدایات میں ایئرپورٹس پر سیکیورٹی کوانتہائی سخت کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں جس کے بعد ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس کو آنے والے راستوںپر تلاشی کے لیے ناکے لگالیے گئے ہیںجبکہ ایئرپورٹس کی حدود میں اے ایس ایف کے کمانڈوز نے بھی سیکیورٹی فرائض سنبھال لیے ہیں ۔حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں بڑے شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی تلاشی کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق سی اے اے کے چیف آف سیکورٹی گلزار جنجوعہ کی صدارت میں ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس سمیت تمام متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں نے شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تھانوں اور حساس اداروں کے درمیان رابطوں کو مذید موثر بنایا جائے گا اجلاس میں ایئرپورٹ کے اطراف کی آبادیوں کے مکینوں کا ڈیٹا بھی جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایئرپورٹس کے اطراف تمام آبادیوں میں رہائش پذیر لوگوں کا تفصیلی ڈیٹا متعلقہ پولیس اسٹیشن کے ذریعے حاصل کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو ہدایت کی گئی کہ ایئرپورٹ کی حدود میں سرویلینس کو مذید موثر بنایا جائے گا اور مشکوک نقل وحرکت پرکڑی نظر رکھی جائے۔