عدلیہ افواج سمیت کوئی ادارہ آڈٹ سے مستثنیٰ نہیں آڈیٹرجنرل

سپریم کورٹ اپناباقاعدہ آڈٹ کراتی ہے،ضلعی حکومتوںکی رپورٹ بھجوادی گئی


Numainda Express August 17, 2012
سپریم کورٹ اپناباقاعدہ آڈٹ کراتی ہے، ضلعی حکومتوں کی رپورٹ بھجوادی گئی. فائل فوٹو

آڈیٹر جنرل آف پاکستان رانا بلند اختر خان نے کہا ہے کہ عدلیہ' افواج' حکومت سمیت کوئی ادارہ آڈٹ سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ ایک ایک پائی کا حساب کرتے ہیں اور رپورٹ پارلیمنٹ کو پیش کر دیتے ہیں۔

انھوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر رجسٹرار سپریم کورٹ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہو رہے ہیں تو یہ ان کا اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کا معاملہ ہے۔ ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اپنا باقاعدہ آڈٹ کراتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سابق ضلعی حکومتوں کا آڈٹ کرکے ہم نے رپورٹ حکومت کو دیدی تھی اس کی روشنی میں کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنا حکومت کا کام ہے ہم صرف نشاندہی کرتے ہیں اور رپورٹ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کو بھجوا دیتے ہیں۔