ورلڈ کپ لبنان کیخلاف فتحیاب ایران کو جنوبی کوریا کا چیلنج

18جون کو کامیابی برازیل جانے کیلیے کافی ہوگی، ازبکستان بھی دوڑ میں شامل


Sports Desk June 13, 2013
گروپ ’بی‘ میں جاپان نے عراق کو 0-1 سے شکست دیکر فائنلز کی دوڑ سے باہر کردیا۔ فوٹو : فائل

فیفا ورلڈ کپ 2014 کے ایشین کوالیفائنگ میں ایران نے لبنان کو ٹھکانے لگاکر برازیل ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنے کا امکان روشن کرلیا۔

ایرانی ٹیم اب 18 جون کو آخری کوالیفائنگ میچ میں ہوم گراؤنڈ پر جنوبی کوریا کے چیلنج کا سامنا کرے گی، ایران نے منگل کی شب لبنان کو 4-0 سے آؤٹ کلاس کرکے گروپ ' اے ' میں دوسری پوزیشن لے لی، آزادی اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے میں میزبان ایرانی ٹیم ابتدا ہی سے چھائی رہی، تاہم انھیں برتری کھیل کے 39ویں منٹ میں محمد رضا نے دلائی، ہاف ٹائم سے قبل انھوں نے مزید دوگول داغ کر اپنی برتری 3-0 بنالی، 45ویں منٹ میں جاوید نیکومان اور 47ویں منٹ میں رضا گوچان نے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔

میزبان ٹیم کیلیے چوتھا گول کھیل کے 87ویں منٹ میں جاوید نیکومان نے بنایا۔ورلڈ کپ میں جانے کیلیے ایرانی ٹیم کیلیے جنوبی کوریا کیخلاف لازمی فتح درکار ہوگی، جو ان کے اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا جائیگا، ایرانی ٹیم سردست 13 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، دوسری جانب ازبکستان کی ٹیم 18 جون کو اپنا آخری میچ قطر کیخلاف کھیلے گی، ازبکستان 11 پوائنٹس لیکر تیسرے نمبر پر براجمان ہے، ایران کی ناکامی پر ازبک ٹیم فتح کی بدولت میگا ایونٹ میں پہنچ سکتی ہے، ازبک ٹیم سینٹرل ایشیا سے میگا ایونٹ تک پہنچنے والی پہلی ٹیم بننے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔



ایشیا سے چار ٹیمیں براہ راست فائنلز تک رسائی حاصل کریں گی جبکہ پانچویں ٹیم کو برازیل کا ٹکٹ حاصل کرنے کیلیے پلے آف کے مرحلے سے گزرنا پڑیگا۔جنوبی کوریا 14 پوائنٹس کے ساتھ محفوظ مقام پر ہے۔ گروپ ' بی' میں جاپان نے عراق کو 1-0 سے شکست دیکر فائنلز کی دوڑ سے باہر کردیا، ایشین چیمپئن جاپان پہلے ہی برازیل جانے کیلیے نشست محفوظ بناچکا ہے، تاہم گروپ 'بی ' میں منگل کی شب کھیلے گئے کوالیفائنگ میچ میں عراق کو ملنے والی شکست نے ان کا راستہ مسدود کردیا۔

عراق اس سے قبل صرف ایک مرتبہ 1986 میں ورلڈ کپ فائنلز تک رسائی پاچکا ہے، لیکن اس مرتبہ چوتھے راؤنڈ میں اپنے تینوں ابتدائی میچز ہارنے کے بعد ان کے پاس جاپان کیخلاف فتح ہی ایونٹ میں اپنا وجود برقرار رکھنے کی آخری امید تھی لیکن اس ناکامی نے انھیں فائنلز کی دوڑ سے باہر کرادیا، میچ کا فیصلہ کن گول شنجی اوکازاکی نے بنایا، اختتامی کوالیفائنگ میچز میں آسٹریلیا کی ٹیم عراق کا سامنا کرے گی جبکہ اردن کا مقابلہ اومان سے ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں