ترقیاتی پروگرام

بجٹ میں پہلی بار پڑھے لکھے نوجوانوں کی بہتری کے لیے وظیفے کا اعلان کیا گیا ہے.


Editorial June 13, 2013
حکومت نے نوجوانوں کو بہتر روز گار فراہم کرنے کے لیے ان کی تربیت کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وزیراعظم یوتھ ٹریننگ پروگرام شروع کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

آیندہ مالی سال 2013-14 کے سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کا مجموعی جم 11کھرب 55 ارب روپے ہو گا جس میں وفاقی سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے لیے 540 ارب روپے اور صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگراموں کے لیے 615 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر رہائشی مکانات کی قلت اہم مسئلہ بنتی جا رہی ہے دوسری جانب زمینوں کی قیمتیں بڑھنے سے عام طبقے کے لیے ذاتی رہائش کا حصول اس کی قوت خرید سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔

اس مسئلے کی شدت کم کرنے کے لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 5 ہزار مکانات پر مشتمل ایک ہزار سرکاری کالونیاں بنائی جائیں گی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترقیاتی پروگرام 2013-14 میں 41 وفاقی وزارتوں / ڈویژنوں کے لیے 2کھرب 95 ارب 51 کروڑ 80 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جب کہ خصوصی پروگراموں کے لیے 5 ارب روپے اور نئے ترقیاتی اقدامات کے لیے ایک کھرب 15 ارب روپے مختص کیے گئے۔ قومی ترقیاتی پروگرام میں صوبوں کے لیے مجموعی طور پر 615 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ گزشتہ پنجاب حکومت نے ذہین طالب علموں میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ اب نئی حکومت نے اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے لیپ ٹاپ' مائیکرو فنانس اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بجٹ میں پہلی بار پڑھے لکھے نوجوانوں کی بہتری کے لیے وظیفے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق یوتھ ٹریننگ پروگرام میں شرکت کرنے والے ماسٹر ڈگری ہولڈرز کو دس ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی ملے گا۔ حکومت نے ملک میں بڑھتی ہوئی بے روز گاری کو قابو پانے کے لیے پانچ ارب روپے کی لاگت سے اسمال بزنس لون اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو ایک سے پانچ لاکھ روپے تک قرض حسنہ دیا جائے گا۔ ابتدائی ایک سال میں50 ہزار نوجوانوں کو بینکوں کے ذریعے قرضے دیے جائیں گے جن پر مارک اپ کی شرح آٹھ فیصد ہو گی، مارک اپ کی بقیہ رقم حکومت ادا کرے گی۔

حکومت نے نوجوانوں کو بہتر روز گار فراہم کرنے کے لیے ان کی تربیت کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وزیراعظم یوتھ ٹریننگ پروگرام شروع کیا جائے گا جس میں 25 ہزار مڈل پاس نوجوانوں کو چھ ماہ میں مختلف ہنر سکھائے جائیں گے۔ نوجوان اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے آن لائن درخواستیں دے سکیں گے۔ حکومت نے طلبا کی بہتری اور ترقی کے لیے بھی متعدد اقدامات کیے ہیں۔ پسماندہ علاقوں کے طلبا کے لیے فیس ادائیگی کی اسکیم بھی متعارف کرائی جائے گی جس کے تحت اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کی فیس حکومت دے گی۔ بجٹ میں پرتعیش گاڑیوں پر ٹیکس کی چھوٹ ختم کر دی گئی ہے جب کہ 1200 سے 1800 سی سی تک کی ہائبرڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی اور ٹیکس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ پرتعیش گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ کا فائدہ امرا کو تو ہو گا عام آدمی کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں