سابق فٹبالر عیسٰی خان کا کوچنگ میں نام کمانے کا عزم

پاکستان میں ٹیلینٹ کی کمی نہیں بس اصل چیز مواقع دینے کی ہے، عیسیٰ خان


Muhammad Yousuf Anjum October 20, 2018
عیسٰی خان کوچنگ قومی فٹ بال ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ہیں فوٹو: فائل

کلیم اللہ اور محمد عیسٰی خان پاکستان فٹبال کے دو ایسے نام ہے جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر نام کمایا ہے، کلیم اللہ ان دنوں لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں جبکہ سابق کپتان عیسٰی خان کوچنگ کو اپنا پروفیشن بناکر قومی ٹیم کے ساتھ اسسٹنٹ کوچ منسلک ہیں۔

چمن سے تعلق رکھنے والے معروف اسٹرائیکر کاکہنا ہے کہ کوچنگ ایک مختلف جاب ہے،خود کھیلنا آسان جبکہ دوسروں کو سکھانا مشکل ہے، اب تک قومی ٹیم کے ساتھ ساف کپ اور ایشین گیمز میں کام کرکے بہت اچھا لگا ہے، کوشش ہے کہ جس طرح بطور کھلاڑی پاکستانی پرچم بلند کیا، اسی طرح کوچنگ میں بھی ملک کانام روشن کرسکوں ۔ غیر ملکی کوچ اور ساتھی کوچز سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہاہے،ابھی آغاز ہے جیسے جیسے وقت گزرے گا، اس شعبے میں بھی خود کو منوالوں گا۔

عیسٰی خان نے اپنے علاقے چمن میں بھی عیسٰی خان فٹبال اکیڈمی قائم کررکھی ہے، لاہور میں پاکستان پریمیئر لیگ کا مرحلہ شروع ہونے پر ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے عیسٰی نے کہا کہ ساڑھے تین سال فٹبال کی سرگرمیاں بند رہیں، جن سے کھیل اور کھلاڑیوں کو بہت نقصان ہوا ہے، اب دوبارہ پاکستانی میدان آباد ہوئے ہیں تو بہت خوشی ہوئی ہے، فٹبال فیڈریشن کی کوشش ہے کہ جو نقصان ہوچکا، اس کا جتنی جلدی ازالہ ممکن ہو، وہ کیا جائے، یہ ہی وجہ ہے کہ چھ ماہ میں یہ ساتواں ایونٹ ہے جس میں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل رہاہے، ویمنز فٹبال کے ایونٹس بھی ہورہےہیں۔ دو بین الاقوامی ٹور ٹیم کو مل چکے، اب پندرہ نومبر کو فلسطین کے ساتھ ایک دوستانہ میچ ہوگا۔

عیسیٰ خان نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلینٹ کی کمی نہیں، اصل چیز مواقع دینے کی ہے، ڈومیسٹک فٹبال ہی نوجوانوں کے پاس واحد پلیٹ فارم ہے، مجھے یقین ہےکہ جس طرح اب سرگرمیاں جاری ہیں، ایک نہیں بلکہ میرے جیسے بیس عیسٰی خان پاکستان کو مل سکتے ہیں۔

مقبول خبریں