ادارے کی بہتری کیلیے افسران اپنا کردار ادا کریں ایم ڈی واٹربورڈ

آئندہ مالی سال میں غیرضروری اخراجات سے گریزکیاجائے،مصباح الدین فرید کی ہدایت.


Staff Reporter June 16, 2013
کنٹونمنٹ بورڈکلفٹن میں قائم کیے گئے واٹر فلٹر پلانٹ سے شہری صاف پانی حاصل کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ مصباح الدین فریدنے واٹر بورڈ کے صدر دفتر کے تفصیلی دورہ کے موقع پر واٹربورڈکے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واٹربورڈ کو مضبوط ا ورمستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے افسران اپنا بھرپور اور فعال کردار ادا کریں۔

اس لیے کہ واٹربورڈ ایک خدمتی ادارہ ہے ،شہریوں کو پانی وسیوریج کی سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ذمے داری ہے ،انھوں نے کہا کہ تمام افسران نیک نیتی ،محنت ،لگن اور دیانت داری سے کام کریں تاکہ ادارے کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے نمٹا جاسکے، ایم ڈی واٹر بورڈ نے تمام ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زیر انتظام محکموں کے افسران اور اسٹاف کو اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریاں بحسن و خوبی انجام دینے کی جانب راغب کریں تاکہ شہریوں کو بہتر انداز میں سہولت فراہم کی جاسکے ،افسران اوراسٹاف وقت کی پابندی کو شعار بنائیں۔



انھوں نے واٹر بورڈکے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے واٹر بورڈ کے بعض محکموں کا خصوصی تذکرہ کیا اور کہا کہ مالی ڈسپلن قائم کیا جائے اور ہم ابھی سے ایک ایسی موثر حکمت عملی وضع کرلیں کہ آئندہ مالی سال میں غیر ضروری اخراجات سے قطعاً گریز کرنا ممکن ہو ان اخراجات میں نمایاں کمی لانے کے لیے خلوص دل سے تدابیر اختیار کرنا ہوں گی،اس لیے کہ واٹربورڈ کو محدود مالی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے واٹر بورڈ کومثالی ادارہ بنانا ہے ۔

انھوں نے میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے افسران وڈاکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ دواؤں کی فراہمی ،پینل پر موجود اسپتالوں کے معاملے میں احتیاط سے کام لیں اور جعلی بلز کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ صحیح معنوں میں جو مستحق ہیں یا جن کو علاج کی ضرورت ہے وہ ان وسائل سے ریلیف حاصل کرسکیں ،انھوں نے کہا کہ مشاہدہ میں یہ بات آئی ہے کہ ان سہولتوں کا بسااوقات نامناسب استعمال ہورہاہے ،لہٰذا اس کا فوری تدارک کیاجائے ،انھوں نے کہا کہ محکمہ مالیا ت کے تمام افسران ادائیگیوں میں شفافیت اور تمام ضوابط کی پابندی لازمی کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں