نپیئر سے لیاری گینگ وار کا ملزم گرفتار اسلحہ برآمد

ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے، پولیس کے پہنچنے پر 2ساتھی فرار ہوگئے.


Staff Reporter June 16, 2013
سائٹ پولیس نے کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے ملزم کو پکڑ لیا فوٹو: فائل

سائٹ اور نپیئر پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم اور لیاری گینگ وار کے ملزم کو گرفتار کر کے دستی بم اور اسلحہ برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او نپیئر فصیح الزماں کی سربراہی میں سب انسپکٹر اسرار احمد نے پولیس پارٹی کے ہمراہ صدیق وہاب روڈ نورانی بس اسٹاپ کے قریب سے پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم عمران تارانی ولد محمد علی کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے2 پستول برآمد کر لیے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم پرانا حاجی کیمپ کا رہائشی اور لیاری گینگ وار کے علاقائی کمانڈر سلطان عرف چونی گروپ کا کارندہ ہے، واقعے کے وقت3ملزمان لوٹ مار کی نیت سے ایک کار سوار کو روک رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔



پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کی جوابی فائرنگ کے بعد ایک ملزم گرفتار جبکہ اس کے2ساتھی فرارہو گئے ، ایس ایچ او سہراب گوٹھ انسپکٹر نعیم خان سناٹا نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کوئٹہ ٹاؤن میں چھاپہ مار کر ایک ملزم عبد المنان کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے فیصل آباد نمبرFDU-930 کی موٹر سائیکل برآمد کر لی،گرفتار ملزم نے جمعرات کو کوئٹہ ٹاؤن میں فائرنگ کر کے اﷲ ڈینو کو ہلاک اور ذوالفقار کو زخمی کیا تھا، زخمی ہونے والے شخص نے ملزم عبد المنان کو شناخت کر لیا۔

ایس ایچ او سائٹ اے طفیل نے پولیس پارٹی کے ہمراہ میٹروول مالا کنڈ روڈ سے پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم مناظر عرف نونی کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے دستی بم اور نائن ایم پستول برآمد کر لی، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے، گرفتار ملزم کو طبی امداد کیلیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا،ملزم پولیس اہلکاروں سمیت10 سے زائد افراد کے قتل ، اقدام قتل ، ڈکیتی ، راہزنی اور اغوا برائے تاوان سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں