نیٹو کنٹینرز گمشدگی کے مقدمے میں چینی شہری کی ضمانت منظور

رونالڈ پینگ اور دیگر نے 258 کنٹینرز کی افغانستان منتقلی کے جعلی پرمٹ جاری کیے


Staff Reporter June 16, 2013
عارف شیخانی کے گمشدہ بھائی کے بارے میں اے این ایف حکام سے رپورٹ طلب فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس علی احمد شیخ کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے نیٹوکنٹینرزگمشدگی کیس میں ملوث چینی باشندے رونالڈپینگ کی 20لاکھ روپے کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کے مطابق کلیئرنگ فارورڈنگ کمپنی سے وابستہ رونالڈ پینگ اور دیگر نے نیٹو اورایساف کے 258 کنٹینرز کی افغانستان منتقلی کے جعلی پرمٹ جاری کیے گئے مگر یہ کنٹینرز افغانستان نہیں پہنچے، جعلسازی سے قومی خزانے کو تقریبا 22 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا،مقدمے میں کسٹم حکام اور دیگر کو بھی نامزد کیا گیا ہے،درخواست گزار نے موقف اختیار کیاکہ اس کا مذکورہ جعلسازی سے کوئی تعلق نہیں وہ اس کمپنی میں شراکت دار ہے،عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد درخواست گزار کی 20لاکھ روپے کی عبوری ضمانت منطور کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ڈی جی نیب کو آئندہ سماعت کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں،واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمدچوہدری نے ہزاروں نیٹو،ایساف کنٹینرزکی گمشدگی کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔



جس پر نیب نے تحقیقات کے بعد متعدد کسٹم حکام اور کلیئرنگ ایجنٹس کے خلاف مقدمات درج کیے تھے، اسی بینچ نے محمد عارف شیخانی کی درخواست پر اینٹی نارکوٹکس فورس سے درخواست گزار کے بھائی کے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے ، درخواست گزار کے مطابق اس کے بھائی کو اے این ایف اہلکاروں نے عمرے کی ادائیگی پر جاتے ہوئے جناح ٹرمینل کراچی سے حراست میں لیاتھا، اس موقع پر ایک اہلکار نے اپنا تعارف میجر عمرکے نام سے کرایا تھا، درخواست گزار کے مطابق اس کے بھائی کا دوائوں کا کاروبار ہے ، لیکن اسے راولپنڈی میں درج منشیات کے ایک مقدمے میں گرفتار کیاگیا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اختیارکیاہے کہ اس کے بھائی کا منشیات کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ، اسکے علاوہ درخواست گزار کے بھائی کو گرفتاری کے بعد تاحال کسی عدالت میں پیش نہیں کیاگیا ہے ،قانون کے مطابق کسی بھی شہری کی گرفتاری کے بعد اسے 24 گھنٹے میں متعلقہ عدالت میں پیش کرنا ضروری ہے لیکن اے این ایف حکام نے کسی عدالت میں بھائی کو پیش نہیں کیا،فاضل بینچ نے اے این ایف حکام سے رپورٹ طلب کرلی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں