فائرنگ سے جاں بحق بینک افسر حافظ عثمان کی تدفین آج ہوگی

مقتول کی اہلیہ 3سال سے امریکا میں مقیم ہے، مقدمہ درج،تفتیش شروع کردی گئی.


Staff Reporter June 17, 2013
عثمان کا کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت سے تعلق نہیں تھا، والد کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

نیو پریڈی اسٹریٹ پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے بینک افسر کی تدفین آج(پیر کو) یاسین آباد قبرستان میں کی جائے گی۔

پولیس نے بینک افسر کے قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ،تفصیلات کے مطابق بریگیڈ تھانے کی حدود میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نجی بینک کے ریلیشن شپ منیجر اور گلشن اقبال بلاک7میں واقع رہائشی اپارٹمنٹ شاہانہ ریذیڈنسی کے فلیٹ نمبر A/113 کے رہائشی حافظ عثمان علی بھٹو ولد ارباب علی بھٹو کی تدفین آج(پیر کو) یاسین آباد قبرستان میں کی جائے گی، مقتول کے والد ارباب علی بھٹو اور بھائی عمران علی بھٹو نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول آئی بی اے سکھر سے گریجویٹ تھے اور6 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پرتھے۔

انھوں نے بتایا کہ مقتول حافظ عثمان کی اہلیہ3سال سے امریکا میں مقیم ہیں اور آئندہ ایک دو ماہ میں انھیں پاکستان آنا تھا لیکن حال ہی میں مقتول کو بھی گرین کارڈ ملنے کا عمل مکمل ہو گیا تھا اور انھیں رواں سال ستمبر یا اکتوبر میں امریکا جانا تھا اور اس ہی وجہ سے بھائی کی اہلیہ نے پاکستان آنے کا ارادہ ملتوی کردیا تھا، انھوں نے بتایا کہ واقعے کے روز حافظ عثمان ظہر کی نماز کی ادائیگی کے بعد والد کے پاس آئے تھے اور والد نے انھیں کھانا کھانے کا کہا تھا لیکن حافظ عثمان والد کو یہ کہہ کر چلے گئے کہ وہ آدھے گھنٹے بعد واپس آکر ساتھ کھانا کھائیں گے انھوں نے بتایا کہ مقتول حافظ شاپنگ کرنے کے لیے اپنے دوست احد خان نے ہمراہ زینب مارکیٹ جا رہے کہ راستے میں نیو پریڈی پر یہ افسوس ناک واقعہ رو نما ہو گیا۔



انھوں نے بتایا کہ حافظ عثمان نماز اور روزے کے پابند تھے اور ہر سال رمضان المبارک میں گھر کے قریب واقع جامع مسجد احد میں اعتکاف میں بھی بیٹھا کرتے تھے اور اس رمضان المبارک میں انہیں اعتکاف میں بیٹھنا تھا،انھوں نے بتایا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی اور نہ ہی حافظ عثمان کا کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت سے تعلق تھا، انھوں نے بتایا کہ حافظ عثمان کی تدفین ان کی اہلیہ کے امریکا سے پاکستان آنے کے بعد آج(پیر کو)یاسین آباد قبرستان میں کی جائے گی، دوسری جانب بریگیڈ پولیس نے بینک افسر حافظ عثمان کے قتل مقدمہ الزام نمبر 89/2013 بجرم دفعہ 302/34کے تحت مقتول کے بھائی عمران علی بھٹو کی مدعیت میں درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی، بریگیڈ تھانے کے اسٹیشن انویسٹی گیشن افسر قمر توصیف کا کہنا ہے کہ پولیس کو جائے وقوع سے 9 ایم ایم پستول کے 5خالی خول ملے ہیں جنہیں تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ فوری طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ واقعے کی وجوہات کیا ہیں تاہم پولیس اپنی تحقیقات کر رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں