جلسہ کرنا ہے تو مزار قائد کے برابر والے گراؤنڈ میں کرلیں، 12 مئی دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، میئر کراچی

شاہراہ فیصل پر جلسے کی اجازت نہیں ہوگی اگر کرنا ہے تو مزار قائد سے متصل گراؤنڈ میں آجائیں، ایم کیو ایم کو پیشکش


اسٹاف رپورٹر November 12, 2026

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ شہر میں دوبارہ بارہ مئی نہیں ہونے دیں گے اگر ایم کیو ایم کو جلسہ کرنا ہے تو مزار قائد کے برابر والا گاؤنڈ موجود ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کے مطابق مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کہا ہے کہ کراچی کے مختلف ٹاؤنز میں سڑکوں، نکاسی آب کے نظام اور بنیادی شہری انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، چنیسر ٹاؤن میں 301.433 ملین روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے جارہے ہیں جن کی تکمیل سے علاقے کے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور نکاسی آب کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کچھ عناصر شہر کی ترقی سے خوش نہیں ہیں۔ میئر کا کہنا تھا کہ شاہراہ فیصل پر جلسے کی اجازت نہیں ہوگی جلسہ کرنا ہے تو مزار قائد کے برابر گراونڈ پر کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ضلع شرقی کے چنیسر ٹاؤن میں محمودآباد پولیس اسٹیشن سے چاندنی چوک تک 100 فٹ چوڑی سڑک کی بہتری اور بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج شہر میں ہر جگہ ترقیاتی کام ہوتے نظر آرہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے اور جہاں عوام نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو عزت دی، وہاں ان کے منتخب نمائندوں نے عملی طور پر کام کرکے دکھایا ہے، کونسلر سے لے کر وزیر تک تمام نمائندے کراچی کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

مرتضٰی وہاب نے کہا کہ  کراچی میں آج بلدیاتی نظام اور اختیارات وہی ہیں لیکن فرق صرف چہروں کا ہے۔ آج یہاں منافقین اور متعصب عناصر کے بجائے بلاول بھٹو زرداری کے کارکنان موجود ہیں، جو عوام کی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ شہر میں ترقیاتی کاموں کا آغاز اور ان کی تکمیل ہی ہماری کارکردگی کا اصل ثبوت ہے۔ لیاری میں پانی کی فراہمی کے لیے لائن پر کام کیا جائے گا جبکہ مچھر کالونی کے عوام سے آر او پلانٹ کے قیام کا جو وعدہ کیا تھا اس کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل شروع ہونے جارہا ہے، چند ہفتوں میں چکور نالہ ایکسپریس وے بھی مکمل کردیا جائے گا۔