پولیس کو اب تک موبائل فون لوکیٹرز فراہم نہیں کیے جا سکے

لوکیٹرز نہ ملنے سے اغوا اور بھتے کی وارداتوں پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے.


Staff Reporter June 19, 2013
اس ضمن میں متعدد مرتبہ سمری ارسال کی گئی، کوئی مثبت جواب نہیں آیا،ذرائع فوٹو: فائل

سندھ پولیس کو موبائل فون لوکیٹرز فراہم نہ کیے جانے کے باعث اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں پر مکمل طور پر قابو پانے میں پولیس کو مشکلات کا سامنا ہے۔

، اس ضمن میں متعدد مرتبہ سمری ارسال کی گئی لیکن کارروائی اس سے آگے نہیں بڑھ سکی ، تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کو موبائل فون لوکیٹرز فراہم نہیں کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے پولیس کو مشکلات کا سامنا ہے ، ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ موبائل فون لوکیٹرز کے حصول کے لیے متعلقہ حکام کو متعدد مرتبہ سمری ارسال کی گئی لیکن کوئی مثبت جواب نہیں آیا ، کبھی فنڈ کی کمی اور کبھی کسی بہانے سے کارروائی کبھی بھی آگے نہیں بڑھ سکی ۔



اعلیٰ پولیس حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں پر مکمل طور پر قابو نہ پانے کی سب سے اہم اور بنیادی وجہ موبائل فون لوکیٹرز کی عدم دستیابی ہے ، انھوں نے بتایا کہ موبائل فون لوکیٹر نہ ہونے کی وجہ سے پولیس کو دوسرے اداروں سے رابطہ کرنا پڑتا ہے ، خط و کتابت میں وقت درکار ہوتا ہے جبکہ بعض اوقات ملزمان اس سے بھی کم وقت میں اپنا کام کرجاتے ہیں اور زیادہ تر مدعی تاوان دے کر اپنے پیاروں کو اغوا کاروں کے چنگل سے چھڑا لیتے ہیں۔

، پولیس افسران نے مزید بتایا کہ پولیس کی جانب سے موثر اور بروقت کارروائی نہ ہونے کے باعث ملزمان کے حوصلے بلند ہوتے جارہے ہیں ، ملزمان جب اور جہاں چاہتے ہیں شہر بھر میں آزادانہ طور پر کارروائیاں کرتے ہوئے تاجروں اور دیگر شہریوں کو اغوا کرکے لے جاتے ہیں ، پولیس حکام نے کہا ہے کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ فوری طور پر پولیس کو موبائل فون لوکیٹرز فراہم کریں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں