پٹاخوں کی فروخت آئی جی سندھ نے ایکسپریس کی خبر کا نوٹس لے لیا

آتشی سامان کی تیاری وفروخت میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی ہدایت


Staff Reporter June 22, 2013
سراغ رسانی کے ذریعے ان افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے،شاہد ندیم بلوچ فوٹو: فائل

آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے شہر میں پٹاخوں کی مبینہ فروخت و تیاری کے حوالے سے ''روزنامہ ایکسپریس'' کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کراچی پولیس زون کی سطح پر انتہائی مربوط و موثر لائحہ عمل اختیار کرکے آتش بازی، پٹاخوں کی تیاری، فروخت اوردیگر علاقوں میں منتقلی میں ملوث گروہوں کے خلاف انتہائی سخت پولیس کارروائیوں کو یقینی بنایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ آتش بازی کے سامان اور پٹاخوں کی تیاری اور فروخت کے حوالے سے سرفہرست علاقوں میں ریکی، نگرانی اور سراغ رسانی کے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں، باقاعدہ نشاندہی کے تحت ایسے فعل سے وابستہ افراد کو نہ صرف قانون کی گرفت میں لایا جائے بلکہ ان کیخلاف باقاعدہ مقدمات کا اندراج بھی کیا جائے، تفتیش میں موثر پیش رفت کیلیے ضبط کیے گئے آتش بازی کے سامان اور پٹاخوں کو مقدمات کے چالان کا حصہ بنا کر مثالی سزائوں کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے۔



انھوں نے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوئی رعایت نہ کی جائے، اس حوالے سے کوئی بھی شکایت نوٹس میں آنے پر محکمانہ و قانونی کارروائیوں کی مثالیں قائم کی جائیں تاکہ دیگر پولیس افسران و اہلکار کسی قسم کے منفی رویوں، برتائو یا جانبدارانہ اقدامات سے گریز کرسکیں۔

مقبول خبریں