مقابلے کے بعد اسٹیٹ بینک کا افسر بازیاب 3 اغوا کار ہلاک

جوائنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک علائو الدین اچکزئی کوماڑی پور روڈ سے حب چوکی جانے کے دوران اغوا کیا گیا تھا۔


Staff Reporter June 23, 2013
ملزمان کا تعلق تربت سے تھا، مغوی کے اہلخانہ کو تربت سے موبائل فون آرہے تھے، کارروائی کے دوران ایک اہلکار زخمی ہوا، ایس ایس پی، گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ کی مبارکباد۔ فوٹو: فائل

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل، سی پی ایل سی اور پولیس نے ابراہیم حیدری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے جوائنٹ ڈائریکٹر کو بازیاب کرا لیا، کارروائی کے دوران 3 اغوا کار بھی مارے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی وائلنٹ کرائم سیل ، سی پی ایل سی اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر ابراہیم حیدری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان پر چھاپہ مارا، مکان میں موجود ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں 3 اغوا کار مارے گئے، مکان کے ایک کمرے میں قید اسٹیٹ بینک کے جوائنٹ ڈائریکٹر 46 سالہ علاؤالدین اچکزئی کو بحفاظت بازیاب کرالیاگیا ،کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار نعیم بھی معمولی زخمی ہوا جسے پی این ایس شفا منتقل کردیا گیا، جوائنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک کو 5 جون کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ کار میں ماڑی پور روڈ سے حب چوکی جا رہے تھے۔



پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے جوائنٹ ڈائریکٹر علاؤ الدین اچکزئی کے اہلخانہ سے2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا جس کے بعد واقعے سے متعلق سعید آباد تھانے میں علاؤ الدین اچکزئی کے اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سٹیزن پولیس لائیژن کمیٹی نے کیس سے متعلق تحقیقات شروع کیں، جمعہ اورہفتے کی درمیانی شب ابراہیم حیدری میں ملیر پولیس کی مدد سے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے ڈائریکٹر کو بازیاب کرالیا گیا،ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نیاز کھوسو نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع سے ہلاک ہونیوالے ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف ، 2 ٹی ٹی پستول ، گولیاں اور موبائل فونز آمد کر لیے ہیں، ہلاک ہونے ملزمان کا تعلق تربت سے تھا اور جوائنٹ ڈائریکٹر کے اہلخانہ کو تربت سے فون آ رہے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت نہیںہو سکی تاہم پولیس ملزمان کے قبضے سے ملنے والے موبائل فون کے مختلف نمبروں پر اطلاع کردی گئی ہے تاہم اب تک پولیس سے کسی نے رابطہ نہیں کیا ، انھوں نے بتایا کہ اغوا برائے تاوان کے 5 کیسز ایسے حل ہوئے ہیں جنھیں تربت سے تعلق رکھنے والے ملزمان نے اغوا کیا، انھوں نے بتایا کہ رواں سال میں اغوا برائے تاوان کے 14 کیسز میں 30 اغوا کار ہلاک ہو چکے ہیں ،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اے وی سی سی کے سر براہ نیاز کھوسو، سی بی ایل سی کے چیف احمد چنائے اور ایس ایس پی ملیر مظہر کو کامیاب کارروائی کے دوران اسٹیٹ بینک کے جوائنٹ ڈائریکٹر کی بازیابی پر مبارک باد بھی دی۔

مقبول خبریں