آئی جی کی مزا رات اور قبرستانوں پر اہلکار تعینات کرنیکی ہدایت

سیکیورٹی،پارکنگ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلیے اقدامات کیے جائیں


Staff Reporter June 23, 2013
بدامنی کے خاتمے کیلیے ٹارگٹڈ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے، شاہد ندیم بلوچ۔ فوٹو: فائل

آئی جی سندھ نے شب برات کے موقع پر سیکیورٹی اورٹریفک کے اقدامات کو غیر معمولی بنانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل پولیس آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس سندھ شاہد ندیم بلوچ نے پولیس کو ہدایت جاری کی ہیں کہ شب برات کے موقع پر سیکیورٹی اور ٹریفک کے مجموعی اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے تاکہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کے حوالے سے بھی شہریوں کی سہولت کے لیے خاطر خواہ انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں، مزا رات، قبرستانوں پر عارضی پولیس پکٹس کے قیام اور اضافی نفری کی تعیناتیوں کے علاوہ سادہ لباس میں پولیس افسران و اہلکاروں کو بھی خصوصی ذمے داریاں سونپی جائیں تاکہ اس خصوصی شب کی مناسب سے عبادت کرنے والوں اور قبرستانوں اور مزارات پر جانے والے زائرین کی سیکیورٹی کو انتہائی مربوط وموثر بنایا جائے۔



انھوں نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کے قبل از وقت انسداد کے لیے سراغ رسانی اور انٹیلی جنس کلیکشن اور موصول ہونے والی اطلاعات کو فالو کرنے اور تمام تر معلومات کی بر وقت شیئرنگ کے عمل کو خصوصی اہمیت دی جائے،علاوہ ازیں مفرور اور اشتہاری و دیگر جرائم میں ملوث اور مقدمات میں نامزد ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے ٹارگٹڈ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے، انھوں نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایات دیں کہ شب برات کے حوالے سے باالخصوص مرکزی قبرستانوں کے اطراف میں پارکنگ اور ٹریفک کی روانی کے ضمن میں تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں، متبادل راستوں سے شہریوں کو آگاہ رکھنے کے لیے بھی تمام تر انتظامات کو انتہائی موثر بنایا جائے۔