پی آئی اے طیارہ کو حادثہ، مسافر معجزانہ طور پر محفوظ

طالب فریدی / محمد آصف  ہفتہ 10 نومبر 2018

کوئٹہ: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے اے ٹی آر طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے تاہم خوش قسمتی سے طیارہ محفوظ رہا اور مسافر معجزانہ طور پر بال بال بچ گئے۔

کراچی سے بلوچستان کے شہر پنجگور جانے والی پی آئی اے کی پرواز ’پی کے517‘ لینڈنگ کے دوران بے قابو ہوکر رن وے سے اتر گئی اور اس کے ٹائر پھٹ گئے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا اور طیارے میں موجود 57 مسافر محفوظ رہے۔ امدادی اور سیکورٹی اہلکار فوری طور پر طیارے کے پاس پہنچے اور تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت باہر نکالا۔

ترجمان پی آئی اے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی سے پنجگور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 517 کو پنجگور میں دوران لینڈنگ معمولی حادثہ پیش آیا اور طیارہ رن وے سے ہٹ گیا تاہم بحفاظت لینڈنگ کرگیا، تمام مسافر محفوظ رہے اور گھروں کو جا چکے ہیں، ٹائروں کو معمولی نقصان پہنچنے کے باعث واپسی کی پرواز میں کچھ تاخیر متوقع ہے۔

پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور واقعے میں پائلٹ کیپٹن یحیی سندھیلہ کے کردار کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ پائلٹ کی غفلت کی وجہ سے رن وے سے اترا اور اس کے دو پہیوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ سول ایوی ایشن نے بھی تحقیقات کا حکم جاری کردیا ہے اور رپورٹ میں پائلٹ کی غلطی ثابت ہونے پر لائسنس کی معطلی اور جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔