پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج ابوظبی میں کھیلا جائے گا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 16 نومبر 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 لاہور:  پاکستان دودھاری تلوار سے کیویز پر حملے کیلیے تیار ہے جب کہ سیریزکا پہلا ٹیسٹ جمعے کو ابوظبی میں شروع ہوگا۔

گزشتہ سال سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی، بعد ازاں گرین کیپس کی کارکردگی میں بہتری آئی اور حالیہ فارم بھی اچھی ہے، رواں سال پاکستان نے آئرلینڈکو واحد میچ میں شکست دی، انگلینڈ میں سیریز 1-1سے برابر کی، یو اے ای میں آسٹریلیا پر 1-0سے برتری ثابت کردی۔

پاکستان رینکنگ میں نمبر7 جبکہ کیویز چوتھی پوزیشن پر ہیں لیکن یو اے ای کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے مبصرین میزبان ٹیم کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں، دوسری طرف یہ بھی حقیقت ہے کہ کیویز نے دیگر غیرایشیائی ٹیموں کی بانسبت ان میدانوں پر بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔

نیوزی لینڈ نے2014 میں کھیلی جانے والی گزشتہ سیریز 1-1سے برابر کی تھی، حالیہ ٹور میں بھی مہمان ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز میں کینگروز سے بہتر کھیل پیش کیا،ٹیسٹ میچز بھی سخت مزاحمت کی توقع ہو رہی ہے۔

پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں فتح گر کارکردگی دکھانے والے فخرزمان کو آرام کیلیے وطن واپس بھجوا دیا ہے، اوپنر  کی جگہ امام الحق سنبھالیں گے جو کینگروز سے کئی میچزمیںانگلی کی انجری کے دستیاب نہیں تھے، اس کے سوا ٹیم میں زیادہ تبدیلیوں کا امکان نہیں ہے، کپتان سرفراز احمد کو محمد حفیظ، اظہرعلی اور اسد شفیق جیسے تجربہ کار بیٹسمینوں کی خدمات میسر ہیں،باصلاحیت بابر اعظم اور حارث سہیل سے بھی توقعات وابستہ کی جا سکتی ہیں۔

یو اے ای کی پیسرز کیلیے نا سازگار کنڈیشنز میں بھی کینگروز کو تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے ٹیسٹ میچز میں 17وکٹیں حاصل کرنے والے محمد عباس ایک بار پھر امیدوں کا مرکز ہونگے، لیگ اسپنر یاسر شاہ کے ساتھ بلال آصف گھومتی گیندوں سے کیویز کو پریشان کرنے کی کوشش کریں گے۔

گزشتہ ٹیسٹ میچ میں میر حمزہ نے محمد عباس کا ساتھ دیا تھا،پاکستان کو حسن علی کی خدمات بھی میسر ہیں لیکن ان میں سے ایک پیسرہی ٹیم کا حصہ بن سکتا ہے، دوسری طرف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں عمدہ فارم میں نظر آنے والے روس ٹیلر مہمان ٹیم کی بیٹنگ کا ستون ہوں گے، کپتان کین ولیمسن اور ہینری نکولس بھی یواے ای کی کنڈیشنز میں عمدہ پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

کیویز پیس بیٹری میں تجربہ کار بولرز ٹم ساؤدی، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری شامل ہیں، ایش سوڈھی، اعجاز پٹیل اور ٹوڈ ایسٹل کے متبادل ولیم سمرولی اسپن کا جال پھیلانے کیلیے تیار ہے، ان میں سے 2کو موقع دیا جائے گا۔

دریں اثنا پاکستانی کپتان سرفراز احمد  نے کہا ہے کہ کیویز نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں ڈٹ کر مقابلہ کیا، ٹیسٹ سیریز میں بھی سخت مزاحمت کا سامنا ہوگا، مہمان اسکواڈ طویل فارمیٹ میں خاصا مضبوط ہے، بیٹنگ میں کئی تجربہ کار اور بڑے کھلاڑی موجود ہیں،ان کی بولنگ خاص طور پر بہت اچھی ہے۔ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤدی تجربہ کار ہیں، ان کو بہتر انداز میں کھیلنے کیلیے پلاننگ کرلی ہے،کوشش کریں گے کہ آسانی سے وکٹیں نہ دیں۔

انھوں نے کہا کہ محمد حفیظ نے ون ڈے میں اچھی فارم کی جھلک دکھائی، ٹیسٹ میچز میں بھی ان سے اچھی کارکردگی کی امیدیں ہیں، پیسر محمد عباس زبردست فارم میں ہیں،ان کی کارکردگی میں تسلسل کا پاکستان ٹیم کو فائدہ ہوگا، ہمارے اہم بولر یاسر شاہ اگرچہ ابتدا میں اچھی فارم میں نہیں تھے مگر پھرکینگروز سے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ردھم میں آ گئے تھے، محمد عباس کے ساتھ لیگ اسپنر ہمارا ٹرمپ کارڈ ہوں گے، بلال آصف بھی اس فارمیٹ کا تجربہ حاصل کرتے جا رہے ہیں، اسپنر سے اچھی کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز ہمارے لیے زیادہ سازگار ہیں لیکن حریف کی قوت کو نظر انداز نہیں کرسکتے، گزشتہ میچ کی پلیئنگ الیون میں ایک آدھ تبدیلی ہی کریں گے۔

مہمان کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ اماراتی کنڈیشنز غیر ایشیائی ٹیموں کیلیے کبھی آسان نہیں ہوتیں، محدود اوورز کے میچز میں کیویز نے اچھا کھیل پیش کیا، طویل فارمیٹ میں بھی ماحول سے جلد مطابقت پیش کرنے کی کوشش کرینگے،انھوں نے کہا کہ ہمیں تجربہ کار لیگ اسپنر یاسر شاہ اور ان فارم محمد عباس کا بہتر انداز میں مقابلہ کرنا ہوگا،ہم یہاں روایتی خشک پچ کی توقع کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔