وزیراعظم سو دن پورے ہونے پر تمام وعدوں پر یوٹرن لیں گے، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  منگل 20 نومبر 2018
علیمہ خان کی منی لانڈرنگ پر جے آئی ٹی کب بنے گی؟ ترجمان مسلم لیگ (ن)  فوٹو:فائل

علیمہ خان کی منی لانڈرنگ پر جے آئی ٹی کب بنے گی؟ ترجمان مسلم لیگ (ن) فوٹو:فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم سو دن پورے ہونے پر تمام وعدوں پر یوٹرن لیں گے۔

اسلام آباد میں مریم اورنگزیب نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کا پیسہ پاکستان سے منی لانڈرنگ ہو کر کیسے باہر گیا، ایف آئی اے کب اس پر جے آئی ٹی بنائے گی، موجودہ حکومت یوٹرن حکومت ہے سو دن پورے ہونے کو ہیں لیکن وعدے پورے نہیں ہوئے، سو دن بعد وزیراعظم عمران خان نے صرف ایک بیان دینا ہے کہ میں نے تمام وعدوں پر یوٹرن لے لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جو لیڈر یوٹرن نہ لے وہ لیڈر ہی نہیں، وزیراعظم

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے ایک این آر او دیا اور وہ بھی علیمہ خان کو دیا، عمران خان بتائیں کہ علیمہ باجی کی پراپرٹی کہاں سے آئی اور کن شرائط پر انہیں این آر او دیا گیا، نمل یونیورسٹی کی خرد برد کا حساب بھی دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان نے لیگی دور کی ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان لفظی جنگ پر بات کرنا بھی مضحکہ خیز ہے، عمران صاحب اپنے گھر کو ریگولرائز کراتے ہیں اور دوسروں کے گراتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔