جنسی ہراسانی کا الزام؛ آلوک ناتھ کیخلاف مقدمہ درج

ویب ڈیسک  بدھ 21 نومبر 2018
مصنفہ ونتا نندا نے آلوک ناتھ کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے، پولیس

مصنفہ ونتا نندا نے آلوک ناتھ کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے، پولیس

 ممبئی: بالی ووڈ کے نامور اداکار آلوک ناتھ کے خلاف جنسی زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

90 کی دہائی میں بھارت کے مقبول ترین سیریل’تارا‘ کی پروڈیوسر اور مصنفہ ونتا نندا کی جانب سے اداکار آلوک ناتھ پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا گیا تھا جس پر آلوک ناتھ نے مصنفہ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا اور ساتھ ہی ان سے تحریری معافی نامے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

اس سے قبل آلوک ناتھ نے عدالت میں ایک اور درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ انٹریوز میں ان کے خلاف الزامات عائد کرکے بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لہذا مصنفہ کو بیان بازی سے روکا جائے تاہم عدالت نے اداکار کی درخواست مسترد کردی تھی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ جنسی ہراسانی الزام کا سامنا کرنے والے ’بابو جی‘ عدالتی جنگ ہار گئے

رپورٹس کے مطابق اپنی پہلی عدالتی جنگ ہارنے کے بعد اب آلوک ناتھ کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کروایا ہے مصنفہ ونتا نندا کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا کہ اداکار نے انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب آلوک ناتھ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کی طبیعت ناساز ہے لہذا وہ اس وقت ان بے بنیاد الزامات کے جواب دینے کے قابل نہیں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔