ورلڈ ہاکی لیگ شدید گرمی سے پاکستانی پلیئرز پریشان

مقصد براہ راست ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنا ہے(کپتان)پریکٹس میچ میں شکست.


مقصد براہ راست ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنا ہے (کپتان) پریکٹس میچ میں شکست۔ فوٹو: فائل

ملائیشیا میں شدید گرمی نے ورلڈ ہاکی لیگ میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں کو پریشان کردیا، ایونٹ کا آغاز 29 جون سے ہونا ہے،ان دنوں ٹیمیں ماحول سے مانوس ہونے کیلیے جوہر بارو میں موجود ہیں۔

گرین شرٹس کپتان محمد عمران نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے فون پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوہر بارو کا درجہ حرارت پاکستانی شہروں سے بھی زیادہ ہے مگر اس کے باوجود پلیئرز روزانہ ٹریننگ سیشن اور پریکٹس میچز میں شرکت کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد براہ راست ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کرنا ہے،کھلاڑی گرمی یا دیگر کسی مشکلات سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔ عمران نے کہا کہ ایبٹ آباد کے پُر فضا مقام میں ٹریننگ کے بعد دوسرا مرحلہ کراچی میں مکمل کیا، گو وہاں کچھ گرمی ضرور تھی لیکن شام کے وقت موسم خوشگوار ہو جاتا تھا۔



کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قدم رکھا تو گرم ہوا نے استقبال کیا تاہم ملائیشیا کی گرمی نے ہمارے جذبے ماند کرنے کے بجائے مزید گرما دیے۔کپتان نے کہا کہ بدھ کو ہمارا میچ ارجنٹائن کے خلاف تھا، گو اس میںصفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست کا سامنا رہا لیکن مجھ سمیت ٹیم مینجمنٹ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہے، جمعرات کو جرمنی سے پریکٹس میچ شیڈول ہے، اس کی وجہ سے ہمیں میگا ایونٹ سے قبل ایک اور پریکٹس میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ورلڈ ہاکی سیریز میں ملائشیا سے ابتدائی میچ کے حوالے سے سوال پر محمد عمران نے کہا کہ میزبان ٹیم اپنی سرزمین پر آسٹریلیا اور جرمنی سمیت کسی بھی سائیڈ کو ٹف ٹائم دے سکتی ہے، ہم نے ابھی سے حکمت عملی طے کر لی اور ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے۔

مقبول خبریں