پی ایس ایل 4 میں 44 سالہ مصباح الحق منتخب، کئی نوجوان منہ دیکھتے رہ گئے

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 23 نومبر 2018
اظہرعلی،اسد،عبدالرزاق اورعمران نذیربھی کسی پی ایس ایل ٹیم میں شامل نہ ہو سکے۔ فوٹو: فائل

اظہرعلی،اسد،عبدالرزاق اورعمران نذیربھی کسی پی ایس ایل ٹیم میں شامل نہ ہو سکے۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پی ایس ایل فورکے ڈرافٹ میں 44سالہ مصباح الحق منتخب جبکہ کئی نوجوان کرکٹر منہ دیکھتے رہ گئے۔

اسلام آباد میں ہونے والے پی ایس ایل فور ڈرافٹ میں تمام فرنچائز ٹیموں نے اپنے 16رکنی اسکواڈز مکمل کرتے ہوئے سپلیمنٹری کھلاڑی بھی منتخب کرلیے، اسلام آباد یونائیٹڈ کا مینٹور بننے کے بجائے بطور پلیئر کھیلنے کیلیے بے تاب مصباح الحق کو حیران کن طور پر پشاور زلمی نے اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ 44سالہ کھلاڑی گزشتہ سیزن میں اسلام آباد کی جانب سے کھیلتے ہوئے اچھی فارم میں نظر نہیں آئے تھے۔ ڈیرن سیمی کی موجودگی میں پشاور زلمی کے پاس قیادت کا فقدان بھی نہیں تھا، اس کے باوجود مصباح الحق کو منتخب کیا گیا۔

دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا تقاضا ہونے کے باوجود کئی نوجوان کرکٹرز کو کسی ٹیم نے بھی منتخب نہیں کیا،اظہر علی اور اسد شفیق جیسے سینئرزکو نظر انداز کردیا گیا، عبدالرزاق نے کم بیک کیلیے رواں سال ڈومیسٹک کرکٹ بھی کھیلی،ان سمیت عمران نذیر کی بھی پی ایس ایل کھیلنے کی خواہش پوری نہیں ہوسکی۔

ماضی میں عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سر فہرست رہنے والے عمرگل،اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010  میں سزا پانے والے سلمان بٹ اور محمد آصف بھی کسی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے، ،فواد عالم کو بھی کسی نے منتخب نہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عمراکمل کو منتخب کیا، ساتھ احمد شہزاد کو بھی سپلیمنٹری کیٹیگری میں لے لیا،اوپنر کو بوقت ضرورت ہی طلب کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔