پاکستان کی انڈر 18 بیس بال ٹیم نے امریکی ریاست فلوریڈا میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پیراگوئے کو 11-0 سے شکست دے کر انڈر18 کیٹیگری کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ٹورنامنٹ ورلڈ کمز ٹو دی پام بیچز، پاورڈ بائی پراسپیکٹ وائر 21 سے 25 اکتوبر تک ویسٹ پام بیچ میں واقع کیکٹی پارک میں کھیلا گیا، جو ہیوسٹن آسٹروز اور واشنگٹن نیشنلز کی اسپرنگ ٹریننگ کا ہوم گراؤنڈ ہے۔
یہ ایونٹ 2017 میں شروع ہوا تھا اور اس میں چھ براعظموں کے 30 سے زائد ممالک کے کھلاڑی شرکت کرچکے ہیں۔ مقابلوں میں انڈر 12، انڈر 15، انڈر 18 اور 18 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کی اوپن کیٹیگری شامل ہے۔
پاکستان کی انڈر 18 ٹیم کو پاکستان بیس بال ایسوسی ایشن نارتھ امریکا نے منظم کیا۔ ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا پر ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پروگرام کی ترقی کا ثبوت ہے۔ اس کا مقصد باصلاحیت پاکستانی کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا اور انہیں اعلیٰ سطح پر کھیلنے کے لیے پلیٹ فارم دینا ہے۔