ہاکی ورلڈ کپِ میں پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ علیم بلال قومی ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے پرعزم

میاں اصغر سلیمی  جمعـء 23 نومبر 2018
پنالٹی کارنر لگانا آسان کام نہیں، علیم بلال فوٹو: فائل

پنالٹی کارنر لگانا آسان کام نہیں، علیم بلال فوٹو: فائل

 لاہور: قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی علیم بلال نے پنالٹی کارنر کے ذریعے ٹیم کو جتوانے کا عزم ظاہر کر دیا ہے۔ 

ایکسپریس سے خصوصی بات چیت میں علیم بلال نے کہا کہ آج کی ہاکی میں پنالٹی کارنر کے شعبے سے انکار ممکن نہیں، ان ٹیموں کی فتوحات کے زیادہ چانسز ہوتے ہیں جن کا پنالٹی کارنر لگانے کا شعبہ بہت مضبوط ہوتا ہے۔ میری خوش قسمتی ہے کہ پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ ایسے ماضی کے عظیم کھلاڑی ہیں جو خود بھی اپنی غیر معمولی کارکردگی سے پاکستان کو لاس اینجلس اولمپکس1984 میں اہم کردار بھی ادا کر چکے ہیں۔

علیم بلال نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے پنالٹی کارنر کے شعبہ کو مضبوط بنانے کے لئے چیف کوچ مجھ سمیت اسکواڈ میں شامل پنالٹی کارنر لگانے کی خصوصی ڈرلز کروا رہے ہیں، ان کی ٹپس کی وجہ سے ہمیں خاصا فائدہ پہنچ رہا ہے اور ہمارے پنالٹی کارنر لگانے کی صلاحیت میں خاصی بہتری آ چکی ہے۔

پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ نے کہا کہ ورلڈ کپ کے دوران ہمارا پول مضبوط ضرور ہے تاہم گرین شرٹس بھی کسی سے کم نہیں ہے، میگا ایونٹ کے جرمنی کے خلاف شیڈول ابتدائی میچ سمیت دوسری ٹیموں کےخلاف بہترین کھیل پیش کرنے کے لئے پرعزم ہوں۔ پنالٹی کارنر لگانا آسان کام نہیں، اپنے اعصاب پر قابو پاتے ہوئے آپ نے ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں گول کرنے کی حکمت عملی ترتیب دینا ہوتی ہے، میچز کے دوران اللہ کا نام لے کر پنالٹی کارنر کو ٹیم کے لئے کارآمد بنانے کی کوشش کرتا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔