سلمان خان نے نئے پراجیکٹ میں کام کی پیشکش کی ہے سارہ لورین

محنت اور لگن سے کیا جانے والا ہرکام لوگوں کی توجہ کامرکز بنتاہے،اداکارہ


Qaiser Iftikhar June 28, 2013
محنت اور لگن سے کیا جانے والا ہرکام لوگوں کی توجہ کامرکز بنتاہے،اداکارہ۔ فوٹو: فائل

پاکستان کی معروف اداکارہ وماڈل سارہ لورین ( مونا لیزا ) نے کہا ہے کہ محنت اورلگن سے کیا جانے والا ہر کام لوگوں کی توجہ کامرکز بنتاہے اوراس کا بہتررسپانس ایوارڈ سے کم نہیں ہوتا۔

فلم''مرڈر3'' میں بہترین اداکاری نے بالی وڈ میں ہونیوالے مختلف ایوارڈز کی جیوری کو بھی متاثر کیا اور بہترین اداکارہ کی کیٹگری کے لیے نامزد کرنا بطورپاکستانی میرے لیے اعزاز سے کم نہیں ہے۔ بالی وڈ کے تین فلم میکنگ اداروں نے اپنی فلموں میں مرکزی کردارمیں سائن کرنے کی آفربھی کی۔ سارہ لورین نے '' ایکسپریس''کو بھارت روانگی سے قبل خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹی وی ڈراموں اورپھربالی وڈ میں فلمی کیرئیرنے کامیابی کی نئی منزل پرلا کھڑا کیا ہے۔کامیابیوں کے ساتھ مجھ پرذمہ داریوں کابوجھ بھی بڑھنے لگا ہے۔



بھارت میں رہ کرمجھے بہترین کام کرکے پاک وطن کا نام روشن کرنا ہے اوردوسری جانب کوئی بھی ایساکام نہیں کرنا جس سے ملک اورفیملی کوبدنامی کاسامنا کرنا پڑے۔ بالی وڈ میں بہت سے اچھے پراجیکٹس سائن کررہی ہوں وہیں رقص کی باقاعدہ تربیت حاصل کررہی ہوں۔ ایک ایوارڈ تقریب میں بالی وڈاسٹارسلمان خان سے ملاقات ہوئی جنہوںنے اپنے نئے پراجیکٹ کی آفرکی ہے لیکن میں حسب روایت پہلے اپنا کردار دیکھوں گی اوراس کے بعد ہی فلم سائن کرونگی۔ اس کے علاوہ بھی آفرز کا سلسلہ جاری ہے مگر ہمیشہ کی طرح تعداد نہیں معیارکوترجیح دونگی ۔