بھارتی ٹیلی وژن کی مقبول اداکارہ جینیفر ونگٹ کی شادی کی تقریبات کی نئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ اداکارہ نے سنگاپور سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخصیت ولیم اشمائل کے ساتھ بھارتی شہر گوا میں دیسی انداز کی شادی کی تقریبات منعقد کی ہیں۔
جینیفر اور ولیم نے اس سے قبل 16 جولائی کو برطانیہ کے علاقے ویسٹ ویلز میں مسیحی طریقے سے شادی کی تھی۔ اب دونوں نے گوا میں ایک مرتبہ پھر شادی کی تقریبات کا اہتمام کیا، جہاں بھارتی روایات اور رنگا رنگ ماحول نے تقریب کو مزید خاص بنا دیا۔
گوا میں ہونے والی تقریبات کی اندرونی ویڈیوز بھی منظرعام پر آگئی ہیں۔ ان ویڈیوز میں جینیفر اپنے دوستوں کے ساتھ شادی کی خوشیاں بھرپور انداز میں مناتی ہوئی نظر آتی ہیں اور ان کے چہرے سے خوشی نمایاں ہے۔
ایک ویڈیو میں اداکارہ اپنے شوہر ولیم کو ڈانس کے دوران دیسی انداز میں ٹھمکے لگانے کا طریقہ سکھاتی دکھائی دیتی ہیں۔ بعد ازاں دونوں ایک ساتھ رقص کرتے بھی نظر آتے ہیں۔
ایک اور ویڈیو میں جینیفر اپنی قریبی دوست جینیلیا دیشمکھ سے ملاقات کرتی ہیں اور انہیں گلے لگا کر گرمجوشی سے خوش آمدید کہتی ہیں۔ شادی کی یہ جھلکیاں سامنے آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے بھی جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
جینیفر ونگٹ کی یہ دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل وہ ٹیلی وژن اداکار کرن سنگھ گروور کے ساتھ ازدواجی رشتے میں تھیں۔ دونوں نومبر 2014 میں ایک دوسرے سے علیحدہ ہوگئے تھے، جبکہ ان کی طلاق کا قانونی عمل 2016 میں مکمل ہوا تھا۔