کرینہ کپور کی نئی فلم کا باکس آفس پر کمزور آغاز، پہلے دن کیریئر کی سب سے کم کمائی

’دائرہ‘ ریلیز کے پہلے ہی روز باکس آفس پر خاطر خواہ توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی


ویب ڈیسک September 19, 2026

کرینہ کپور اور ملیالم سنیما کے معروف اداکار پرتھوی راج سوکومارن کی فلم ’دائرہ‘ ریلیز کے پہلے ہی روز باکس آفس پر خاطر خواہ توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ 

میگھنا گلزار کی ہدایت کاری میں بننے والی کرائم تھرلر نے بھارت میں تقریباً 85 لاکھ روپے کے کاروبار سے اپنا سفر شروع کیا ہے۔

فلم کی کہانی دو پولیس افسران کے گرد گھومتی ہے، جو ایک سنگین ریپ اور قتل کے معاملے سے جڑے متنازع پولیس مقابلے کے بعد اخلاقی کشمکش میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ فلم کو بیک وقت ہندی اور ملیالم زبانوں میں ریلیز کیا گیا ہے۔

پہلے دن کی مجموعی بھارتی کمائی میں ہندی ورژن کا حصہ سب سے زیادہ رہا۔ تقریباً 85 لاکھ روپے کے مجموعی بزنس میں سے ہندی ورژن نے 82 لاکھ روپے کمائے، جبکہ ملیالم ورژن صرف 3 لاکھ روپے کا کاروبار کرسکا۔

’دائرہ‘ کی ابتدائی کارکردگی کرینہ کپور خان کے حالیہ فلمی کیریئر کے حوالے سے بھی نمایاں ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں اداکارہ کی کسی فلم کا پہلے دن سب سے کم بزنس ہنسل مہتا کی 2024 میں ریلیز ہونے والی ’دی بکنگھم مرڈرز‘ کا تھا، جس نے بھارت میں افتتاحی روز 1.15 کروڑ روپے کمائے تھے۔