چینی حکومت کا سندھ پولیس کے ساتھ تعاون جاری رہے گا

چینی قونصل جنرل کی آئی جی سے ملاقات، اہلکاروں کی شہادت پراظہار یکجہتی


Staff Reporter November 27, 2018
آئی جی سندھ سید کلیم امام سے چینی قونصل جنرل وانگ یوملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

چینی قونصل جنرل نے چینی قونصلیٹ پرہونے والے دہشت گردانہ حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے بہترین سیکیورٹی اقدامات پر حکومت چین کی جانب سے سندھ پولیس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چینی حکومت کا سندھ پولیس کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔

آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں قونصل جنرل چائنا وانگ یو نے ملاقات کی اور باہمی دل چسپی کے امور سمیت صوبہ سندھ میں جاری مختلف ترقیاتی پروجیکٹس سے وابستہ چینی باشندوں، ماہرین اور دیگراسٹاف کے حفاظتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے دہشت گردانہ حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر یکجہتی کا اظہارکیا اور بہترین سیکیورٹی اقدامات پر اپنی حکومت کی جانب سے سندھ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کا سندھ پولیس کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔

آئی جی سندھ نے چینی قونصل جنرل کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ پولیس عوام کے جان ومال کے تحفظ کے ضمن میں انتہائی پرعزم اور باحوصلہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ تفویض کردہ ذمے داریوں کی بجاآوری اور دہشت گردوں کے خلاف ڈٹ جانا سندھ پولیس کا طرہ امتیاز ہے۔