سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین کمسن بچوں کے لرزہ خیز قتل میں ملوث ملزم گرفتار، قریبی رشتے دار نکلا

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے ذاتی رنجش پر ماں اور تین کمسن بچوں کو قتل کیا، آلہ قتل بھی برآمد ہوگیا


منور خان September 16, 2026

شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین کمسن بچوں کے لرزہ خیز قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جو قریبی رشتے دار نکلا ہے۔

ایکسپریس نیوز کو پولیس ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق سرجانی ٹاؤن سیکٹر سیون ڈی میں ماں اور اس کے 3 معصوم بچوں کے لرزہ خیز قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں قتل کی وجہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ سامنے آیا ہے اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم قریبی رشتے دار بتایا جاتا ہے جس سے آلہ قتل بھی برآمد ہوگیا ہے تاہم ملزم کی گرفتاری اور قتل کی وجہ کے حوالے سے مزید تفصیلات آج بروز جمعرات پولیس کی جانب سے کی پریس کانفرنس میں بتائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ پیر کی شام سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر سیون ڈی میں قتل کی لرزہ خیز واردات میں 34 سالہ مہوش زوجہ دانش اور اس کے 2 معصوم بچوں بیٹی 8 سالہ مرحہ اور بیٹا 6 سالہ حسنین کی لاشیں گھر سے ملیں تھیں جبکہ ڈھائی سالہ اشمیرہ شدید زخمی حالت میں ملی تھی جسے جناح اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ پیر اور منگل کی درمیانی شب دم توڑ گئی تھی۔

پولیس نے سسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کے بعد ڈی آئی جی نے 8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے شک کی بنا پر پڑوسیوں سمیت 15 افراد سے پوچھ گچھ بھی کی تھی۔