جعلی بھرتیوں کے خلاف این ٹی ایس ایکشن کمیٹی کا مظاہرہ

حتمی فہرست میں حقداروںکو محروم کرکے من پسند افراد بھرتی کیے گئے، رضا احمد و دیگر۔


Numainda Express July 01, 2013
حتمی فہرست میں حقداروںکو محروم کرکے من پسند افراد بھرتی کیے گئے، رضا احمد و دیگر. فوٹو: این ٹی ایس ویب سائٹ

نیشنل ٹیسٹنگ سروس ایکشن کمیٹی کے تحت محکمہ تعلیم میں ہونے والی جعلی بھرتیوں کے خلاف اولڈکیمپس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کے شرکاء نے کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

مظاہرے میں ایچ ایس ٹی، جے ایس ٹی، پی ایس ٹی کا ٹیسٹ دینے والے مرد خواتین امیدوار شریک اتھے جو ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے جعلی بھرتیوں کے خلاف شدید نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر احتجاج میں شامل رضا احمد، عظمیٰ کھوکھر ودیگر نے بتایا کہ اپریل 2012 میں محکمہ تعلیم میں اس کے ذیلی ادارے ریفارم سپورٹ یونٹ کے تحت ایچ ایس ٹی، جے ایس ٹی اور پی ایس ٹی اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے اشتہارت دیے گئے تھے جس میں بتایا گیا تھا کہ 60فیصد مارکس حاصل کرنے والے افراد کامیاب قرار ہوگے جس کے لیے لاکھوں افراد نے اپنی درخواستیں جمع کروائی تھی ۔



جس کے بعد جنوری 2013میں مختلف مراحل میں امیدواروں کے تحریری امتحانات لیے گئے جس کے نتائج کا اعلان طویل عرصے بعد کیا گیا جس کے بعد حتمی فہرست مرتب کی گئی جس میں میرٹ پر صرف 64 فیصد امیدواروں کا نام شامل کیا گیا جب کہ باقی ماندہ نشستوں پر اپنے من پسند افراد کو بھرتی کرلیا گیا جس کے باعث حقدار اپنے حق کے حصول کے لیے سراپا احتجاج ہیں اور دربدرکی ٹھوکریںکھانے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ جعلی بھرتیوں کا نوٹس لیا جائے اورحق داروں کو ان کا حق دلوایا جائے۔