مائیکل جیکسن کے مبینہ بیٹے کا پاکستان آنے کا اعلان

 جمعـء 7 دسمبر 2018
ہاورڈ شکل، انداز گفتگو اور چلنے پھرنے کے طریقے سے مائیکل جیکسن کی کاربن کاپی ہیں (فوٹو : فائل)

ہاورڈ شکل، انداز گفتگو اور چلنے پھرنے کے طریقے سے مائیکل جیکسن کی کاربن کاپی ہیں (فوٹو : فائل)

مائیکل جیکسن کے پاکستانی مداحوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ ان کے مبینہ بیٹے برانڈن ہاورڈ جلد پاکستان آئیں گے اور کنسرٹ میں پرفارم کریں گے۔

جدید موسیقی کے بادشاہ مائیکل جیکسن 2009ء میں اپنے مداحوں کو افسردہ چھوڑ گئے لیکن اُن کے نغمے اور دھنیں اب بھی لہو گرماتی ہیں اور پوپ موسیقی کے دلدادہ افراد کو اپنے سحر میں مبتلا کر دیتی ہیں۔

مائیکل جیکسن کے انتقال کے بعد 2014ء وہ سال ہے جس نے مائیکل جیکسن کے مداحوں میں نئی زندگی پھونک دی تھی، اِس سال ایک نوجوان نے سب کو مبہوت کر کے رکھ دیا تھا، یہ نوجوان شکل، اندازِ گفتگو اور حتیٰ کے چلنے پھرنے کے انداز سے بھی مائیکل جیکسن لگتا ہے۔

howard

برانڈن ہاورڈ کو مائیکل جیکسن سے مماثلت کی وجہ سے عالمی میڈیا میں بھرپور کوریج ملی، مداحوں کو ایسا محسوس ہوا جیسے مائیکل جیکسن لائیو پرفارم کررہے ہوں۔ دیکھتے ہی دیکھتے ہاورڈ کے ہر گانے کو مقبولیت اور ہر دھن کو بے پناہ پذیرائی ملنے لگی۔

دنیا بھر میں کامیاب کنسرٹ کے بعد حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں ہاورڈ نے پاکستان آنے کی خوشخبری سنائی ہے، جی ہاں مائیکل جیکسن کی شبہیہ اور  مبینہ بیٹے پاکستان آرہے ہیں اور اب پاکستانی مداح بھی مائیکل جیکسن کے پَرتو کو لائیو پرفارمنس کرتے ہوئے دیکھ سکیں گے۔

mj

برانڈن ہاورڈ گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ ریکارڈ ساز پروڈیوسر ہیں جو اپنے گانے بھی خود لکھتے ہیں۔ ان کا البم ’ان مائی ورڈز‘ نے بھرپور کامیابی سمیٹی اور 2006ء میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔ 2007ء میں ’فیس آف‘ نے مداحوں کو اپنا دیوانہ بنا دیا اور ہاورڈ کے نغمے ’ڈونٹ سے یو لو می‘ نے 2016ء میں تہلکہ مچا دیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہاورڈ کی والدہ مکی ہاورڈ ایک معروف گلوکارہ بھی رہی ہیں اور نوجوانی میں مائیکل جیکسن کے عشق میں مبتلا تھیں، مائیکل جیکسن کے شہرہ آفاق نغمے ’بیلی جینز‘ کو بھی مکی سے محبت کا اظہار کہا جاتا ہے۔ دونوں کی محبت دونوں کی قربتیں زبان زد عام ہوئیں اور کہا جاتا ہے کہ ہاورڈ اسی محبت کی نشانی ہیں جب کہ ہاورڈ کے شبہات بھی اس امکان کی تصدیق کرتے ہیں۔

nj-3

مکی ہاورڈ نے اپنے ایک انٹرویو میں ہاورڈ کے مائیکل جیکسن کے بیٹے ہونے کی خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا تاہم ایک میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ مکی ہاورڈ نے اپنے بیٹے کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرایا لیکن مکی ہاورڈ نے ان دعوؤں کو بھی مسترد کردیا۔

Michalle 4

ہاورڈ کی والدہ کے بیان کے باوجود ہاورڈ کے دوست، کولیگز اور شریک گلوکاروں کا کہنا ہے کہ ہاورڈ کی تمام عادات اور اطوار مائیکل جیکسن سے حیرت انگیز طور پر ملتی ہیں اور انہیں دیکھنے والا ہر شخص مائیکل جیکسن کا بیٹا ہی سمجھتا ہے۔

دوسری جانب مائیکل جیکسن کے ساتھ کام کرنے والے بیک گراؤنڈ گلوکار جانسن  نے ہاورڈ کے والد ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ہاورڈ کی پیدائش کے وقت تو مکی، مائیکل جیکسن کو جانتی بھی نہیں تھیں میں ہی ہاورڈ کے پیدائش کے وقت اسپتال میں موجود تھا اور وہ تمام ریکارڈ اور تصاویر میرے پاس موجود ہیں جو مجھے ہاورڈ کا باپ ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں۔

اس سے قطع نظر کہ ہاورڈ کے مائیکل جیکسن کے والد ہونے سے متعلق خبریں درست ہیں یا محض میڈیا کی چکا چوند دنیا میں پھیلی ایک عام افواہ ہے، خوشی کی بات یہ ہے کہ مثلِ مائیکل جیکسن موسیقی کے سُر بکھیرنے پاکستان آرہے ہیں اور پاکستانی مداحوں کو اُس وقت کا بے چینی سے انتظار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔